ڈیزل کی پٹرول کی قیمت کم ہونے کے باوجود لوکل ٹرانسپورٹ کے من مانے کرائے
ڈیزل کی پٹرول کی قیمت کم ہونے کے باوجود لوکل ٹرانسپورٹ کے من مانے کرائے
ہارون آباد ( سٹی رپورٹر)ڈیزل اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ بس اور ویگن مالکان کی جانب سے مبینہ طور پر مقررہ کرائے سے زائد وصولی کی شکایات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔شہریوں کے مطابق ٹرانسپورٹ کا مقررہ کرائے کے بجائے بعض ٹرانسپورٹرز کی جانب زائد کرایہ وصول کیے جا رہے ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ بسوں اور ویگنوں میں کرایوں کے حوالے سے کوئی واضح طریقہ کار نظر نہیں آتا اور مسافروں سے ان کی منزل کے مطابق من مانا کرایہ طلب کیا جاتا ہے۔مسافروں نے الزام عائد کیا کہ ٹرانسپورٹرز راستے میں جگہ جگہ گاڑیاں روک کر مسافروں کو سوار کرتے ہیں، جس کے باعث سفر کا دورانیہ بھی بڑھ جاتا ہے اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک جانب مہنگائی نے پہلے ہی عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رکھا ہے، دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کے باوجود لوکل ٹرانسپورٹ کے کرائے کم نہ ہونا عوام پر اضافی بوجھ ہے۔شہریوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ لوکل ٹرانسپورٹ کے مقررہ کرایوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے اور مسافروں کو مقررہ کرائے پر سفری سہولت فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔