رپوٹ عبد العزیز شیخ تاریخی شاہجہان مسجد میں پہلی مرتبہ ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد- ٹھٹھہ : رپورٹ
رپوٹ عبد العزیز شیخ
تاریخی شاہجہان مسجد میں پہلی مرتبہ ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد-
ٹھٹھہ : رپورٹ
ضلعی انتظامیہ ٹھٹھہ کی جانب سے تاریخی شاہجہان مسجد میں سیرتِ النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عمران الحق، اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ شاکر فہیم، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، علمائے کرام، معززین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ پہلا موقع تھا کہ کسی ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تاریخی شاہجہان مسجد میں سیرتِ النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس کے موقع پر شاہی خاندانی خطیب جامع مسجد شاہجہان، مفتی محمد شاکر صدیقی نے معزز مہمانانِ گرامی کا پرتپاک استقبال کیا اور سیرتِ طیبہ ﷺ کے موضوع پر محبت، عقیدت اور خلوص پر مبنی فکر انگیز خطاب کیا۔
اس موقع پر سائیں عبدالقَیوم نعیمی نے ولولہ انگیز خطاب کرتے ہوئے سیرتِ رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات، آپ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں اور ان پر عمل کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
سائیں عبدالہادی صدیقی نے خوبصورت انداز میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی، جس سے محفل روحانی کیفیت سے سرشار ہوگئی۔
تاجر رہنما حاجی وسیم اختر میمن نے کانفرنس کی نظامت کے فرائض انجام دیے اور پروگرام کو احسن انداز میں آگے بڑھایا۔
کانفرنس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، امن و استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی.
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے شرکاء سے ملاقات کی اور ان کی شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرت مبارکہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ آپ ﷺ نے عدل، انصاف، رواداری، برداشت، مساوات اور انسانیت سے محبت کا درس دیا، جس پر عمل کرکے معاشرے میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کو صرف تقریبات اور محافل تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا، ہمیں چاہیے کہ ہم حضور اکرم ﷺ کے اسوۂ حسنہ کی روشنی میں اپنے کردار کو بہتر بنائیں اور معاشرے میں محبت، احترام، برداشت اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تاریخی مسجد شاہجہان میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد ایک بابرکت اور قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے شہریوں بالخصوص نوجوان نسل کو سیرتِ طیبہ کے پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔
شرکاء نے تاریخی شاہجہان مسجد میں سیرتِ النبی ﷺ کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند ، بابرکت اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاریخی و مذہبی اہمیت کی حامل اس مسجد میں ایسی علمی و دینی تقریبات کا انعقاد نئی نسل کو سیرتِ رسول اکرم ﷺ سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مستقبل میں بھی ایسی بابرکت اور علمی و دینی تقریبات کے انعقاد کی امید ظاہر کی.
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے تاریخی شاہجہان مسجد کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر مسجد انتظامیہ نے مسجد کو درپیش مسائل اور ضروری سہولیات کے حوالے سے آگاہ کیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو مسجد کے اطراف صفائی ستھرائی اور خوبصورتی سمیت دیگر ضروری امور پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔