سکھر(بیورورپورٹ)چلڈرن اسپتال اور ایس آئی سی وی ڈی میں فائر سیفٹی ایس او پیز کا جائزہ، انتظاما
سکھر(بیورورپورٹ)چلڈرن اسپتال اور ایس آئی سی وی ڈی میں فائر سیفٹی ایس او پیز کا جائزہ، انتظامات تسلی بخش قرار خبر کے مطابق ڈائریکٹر سول ڈیفنس سندھ ریاض حسین لغاری اور ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس سکھر نادر شہزاد خان کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سکھر میڈم بشری منصور، ڈپٹی چیف وارڈن سول ڈیفنس سکھر ڈاکٹر سعید اعوان اور انچارج آفیسر سول ڈیفنس میاں جھانگیر عباسی نے چلڈرن اسپتال سکھر اور ایس آئی سی وی ڈی ہسپتال کا دورہ کیا۔دورے کے دوران دونوں ہسپتالوں میں فائر سیفٹی ایس او پیز، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات، فائر سیفٹی آلات اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سول ڈیفنس کی ٹیم نے مختلف حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا، جس کے دوران دونوں ہسپتالوں میں فائر سیفٹی ایس او پیز پر بہترین انداز میں عمل درآمد پایا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر میڈم بشرہ منصور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ سکھر کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ تمام سرکاری و نجی اداروں میں فائر سیفٹی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جانی و مالی نقصان سے بچاؤ کے لیے صرف حفاظتی آلات کی موجودگی کافی نہیں بلکہ متعلقہ عملے کو سول ڈیفنس کی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ فائر سیفٹی اور ریسکیو کا عملی مظاہرہ بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کی جانب سے مختلف اداروں میں آگ سے بچاؤ، ایمرجنسی رسپانس اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے آگاہی و تربیتی سرگرمیاں قابلِ تحسین ہیں، جنہیں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ڈپٹی چیف وارڈن سول ڈیفنس سکھر ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا کہ سول ڈیفنس کا بنیادی مقصد عوام اور اداروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا ہے۔ فائر سیفٹی ایس او پیز پر عمل درآمد کے ساتھ عملی تربیت کسی بھی حادثے کی صورت میں بروقت اور مؤثر کارروائی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔اس موقع پر پوسٹ وارڈن محمود احمد اور انچارج آفیسر فائر سیفٹی لالا ریحان پٹھان ڈپٹی پوسٹ وارڈن احسن راجپوت بھی موجود تھے۔سول ڈیفنس حکام نے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے فائر سیفٹی ایس او پیز پر بہتر انداز میں عمل درآمد اور حفاظتی اقدامات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ محفوظ سکھر کے لیے فائر سیفٹی اور ایمرجنسی سیفٹی کے حوالے سے معائنوں، آگاہی اور تربیتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔