October 16, 2026

سکھر( نمائندھ زیدی) سکھر چیمبر اور پولیس کے مؤثر رابطے سے جرائم میں کمی واقع ہوئی، ایس ایس پی اظہر خان مغل.

Screenshot_2026-08-29_145629.662

سکھر( نمائندھ زیدی)
سکھر چیمبر اور پولیس کے مؤثر رابطے سے جرائم میں کمی واقع ہوئی، ایس ایس پی اظہر خان مغل.
سکھر کے کاروباری طبقے نے پولیس پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرکے ہمیں حوصلہ دیا، جس کے نتیجے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کو ہلاک کیا گیا، جبکہ کئی ڈاکوؤں کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرکے گرفتار کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل نے سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر صدر محمد خالد کاکیزئی، کنوینر لاء اینڈ آرڈر کمیٹی چوہدری زاہد اقبال، سینئر ڈپٹی کنوینر محمد یعقوب ملک اور دیگر عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اظہر مغل نے سکھر چیمبر کے تعاون سے قائم کی گئی پولیس کوآرڈینیشن کمیٹی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پولیس اور عوام، بالخصوص کاروباری برادری کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوئے ہیں، جس کے مثبت نتائج جرائم میں کمی اور شکایات کے فوری ازالے کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کا اعتماد اور تعاون پولیس کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس موقع پر محمد خالد کاکیزئی نے اظہر مغل کی خدمات، جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں اپریشیئیشن لیٹر پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کوآرڈینیشن کمیٹی کے قیام کے ابتدائی مرحلے میں کاروباری برادری کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہوتی تھیں، تاہم ایس ایس پی کی مؤثر حکمت عملی، فوری کارروائی اور پولیس و چیمبر کے درمیان مسلسل رابطے کے باعث پہلے ہی سال میں شکایات کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور یہ شکایات چند معاملات تک محدود ہو کر رہ گئیں، جو ان کی کارکردگی اور کمیٹی کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ محمد خالد کاکیزئی نے مزید کہا کہ سکھر چیمبر کاروباری برادری کے تحفظ اور شہر میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولیس کوآرڈینیشن کمیٹی مستقبل میں بھی کاروباری طبقے کے مسائل کے فوری حل، جرائم کی روک تھام اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد کو مزید مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔