مسجد سیدتنا فیضانِ فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور محفل
مسجد سیدتنا فیضانِ فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور محفل
سکھر(بیورورپورٹ۔ بیورو سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاہین)مسجد سیدتنا فیضانِ فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سکھر میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایک نہایت پروقار، بابرکت اور روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ کرام، طالبات اور اہلِ محلہ سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔محفل کی میزبانی فرحان علی بھٹو صاحب اور مولانا محمد رفیع سرکی نے کی، جبکہ غلام محمد سعیدی چشتی، مولانا قاری مجاہد، مولانا ثناء اللہ، قاری محمد ایوب نے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی اس نورانی تقریب میں بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ محفل کے دوران فضاء درود و سلام، ذکرِ رسول ﷺ اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے معطر رہی۔تقریب میں طالبات نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں انتہائی عقیدت و محبت سے نعتیہ کلام پیش کیا۔ طالبات کی پُرسوز اور خوبصورت نعت خوانی پر شرکاء نے بھرپور انداز میں دادِ تحسین دی، جبکہ محفل میں موجود افراد نے درود و سلام پڑھ کر اپنے جذباتِ عقیدت کا اظہار کیا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی نے طالبات کی جانب سے پیش کی جانے والی نعتیہ پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ آپ ﷺ کی تعلیمات پر اخلاص کے ساتھ عمل پیرا ہونا دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر منعقد ہونے والی ایسی بابرکت اور پروقار محافل کا مقصد نئی نسل کو سیرتِ رسول ﷺ، محبت، اخوت، رواداری اور حسنِ اخلاق کے پیغام سے روشناس کرانا ہے۔ دینی و روحانی اجتماعات نوجوان نسل کے دلوں میں عشقِ رسول ﷺ کو مزید اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اسلامی اقدار سے وابستہ رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مہمانِ خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں اس نوعیت کی مذہبی اور روحانی سرگرمیاں طلبہ و طالبات کی علمی تربیت کے ساتھ ان کی اخلاقی و کردار سازی میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔ایسی سرگرمیوں کے ذریعے معاشرے میں محبت، بھائی چارے، برداشت اور باہمی احترام کے جذبات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔محفل کے اختتام پر ملک و ملت، امتِ مسلمہ کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔شرکاء نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر حضور نبی کریم ﷺ کی سیرت و تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔اور بعد ازاں محفل کے اختتام پر لنگر و نیاز کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔