خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی زیر صدارت کانفرنس ہال میں 12 ربیع الاول کی تقریبات کے سلسلہ میں انتظامات، تزئین و آرائش اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی ایم ایس غزالہ کنول، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب طارق محمود، سی ای او ضلع کونسل اور سی ای او میونسپل کمیٹی خوشاب سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی، جبکہ اے سی نورپور تھل، قائدآباد اور نوشہرہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق عید میلاد النبیﷺ کو مذہبی جوش و جذبے، عقیدت و احترام اور شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، چیف ایگزیکٹو افسران اور ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت کی کہ سرکاری دفاتر کی عمارتوں، چاروں اطراف اور بیرونی دیواروں کو بھی سبز برقی قمقموں سے سجایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ خوشاب کابلی گیٹ، مسجد بلال، تحصیل آفس خوشاب، جوہرآباد سرور شہید لائبریری سمیت اہم سرکاری و عوامی مقامات کو سبز برقی لائٹس اور جھنڈیوں سے خوبصورتی سے سجایا جائے۔ انہوں نے سی ای اوز میونسپل کمیٹیز جوہرآباد اور خوشاب کو خصوصی ہدایت کی کہ سرور شہید لائبریری کے چاروں اطراف اور بیرونی دیواروں کو بھی سبز لائٹس سے روشن کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ خوشاب اور جوہرآباد میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں اور جلوس کے راستوں پر پانی کا باقاعدگی سے چھڑکاؤ کیا جائے۔ انہوں نے کالج روڈ، بائی پاس روڈ، ہسپتال روڈ، امام بارگاہ حسینیہ روڈ، مین بازار، جنوبی بازار، شبیر پٹرولیم روڈ، جی ٹائپ کالونی، 6 بلاک جوہرآباد، شوگر ملز جوہرآباد مین روڈ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں بھی صفائی کے مؤثر انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب نے سی ای او میونسپل کمیٹیز، ستھرا پنجاب پروگرام اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ خوشاب اور جوہرآباد کے بازاروں، اڈوں، پارکوں، گلی محلوں، چوکوں، چوراہوں اور دیگر تمام عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ 12 ربیع الاول کے سلسلہ میں تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور صفائی، سکیورٹی، تزئین و آرائش سمیت دیگر انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے۔
9
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی زیر صدارت کانفرنس ہال میں 12 ربیع الاول کی تقریبات کے سلسلہ
google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0









