ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی امریکی ڈپٹی چیف آف مشن سے ملاقات۔
اس موقع پر پاک–امریکہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے امریکی سفارتخانے کی ڈپٹی چیف آف مشن نتالی بیکر سے ملاقات کی، جس میں پاک–امریکہ دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی سفارت کاری، علاقائی امن و استحکام، دہشت گردی کے خلاف تعاون، افغانستان کی صورتحال اور اقتصادی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیدال خان ناصر نے پاک–امریکہ تعلقات کو پائیدار، ادارہ جاتی اور نتیجہ خیز پارلیمانی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے امریکی کانگریس اور پاکستانی پارلیمان کے درمیان مستقل بین الپارلیمانی گروپ (IPG) کے قیام کی تجویز بھی پیش کی تاکہ مسلسل پالیسی مکالمے، تجربات کے تبادلے اور مؤثر فالو اپ کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں، افغانستان میں پائیدار امن کی اہمیت اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات و سفارت کاری کی حمایت کا اعادہ کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اقتصادی و تجارتی تعاون، امریکی سرمایہ کاری، پاکستانی مصنوعات کے لیے مارکیٹ رسائی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔امریکی ڈپٹی چیف آف مشن نے پاک–امریکہ تعلقات کے فروغ میں پارلیمانی روابط کی اہمیت کو سراہا اور دوطرفہ تعاون، اقتصادی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت سے اتفاق کیا۔









