google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0
29

ڈی سی چوک پر چہلمِ شہدائے کربلا کے موقع پر عظیم الشان اجتماع، شہدائے کربلا کی لازوال قربانی کو زبردست خراج عقیدت

google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0

ڈی سی چوک پر چہلمِ شہدائے کربلا کے موقع پر عظیم الشان اجتماع، شہدائے کربلا کی لازوال قربانی کو زبردست خراج عقیدت
ایران، فلسطین اور محورِ مزاحمت سے اظہارِ یکجہتی، امریکہ، اسرائیل اور آلِ سعود کی جارحانہ پالیسیوں کی مذمت۔

جیکب آباد: (نامه نگار)چہلمِ حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی مناسبت سے ڈی سی چوک جیکب آباد پر ایک عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا، جس میں علماء کرام، ذاکرین، عزادارانِ امام حسین علیہ السلام اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجتماع سے مجلس وحدت مسلمین سندھ صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعۂ کربلا حق و باطل کے درمیان ابدی معرکہ ہے، جس نے ہر دور کے مظلوموں کو ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا ہے۔ امام حسین علیہ السلام کی قربانی انسانیت، عدل، آزادی اور دینِ اسلام کی حقیقی روح کے تحفظ کی عظیم مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملتِ اسلامیہ کو فلسطین، غزہ، لبنان، ایران اور دیگر مظلوم اقوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے۔ ایران نے ہمیشہ امتِ مسلمہ، مسئلۂ فلسطین اور مظلوم اقوام کی حمایت کی ہے، اس لیے ہم اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ہونے والی ہر قسم کی جارحیت، دھونس اور سازشوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم، نسل کشی اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی عالمی ضمیر کے لیے ایک کھلا چیلنج ہے۔ امتِ مسلمہ کو فلسطینی عوام اور مظلومین غزہ کی عملی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنی چاہیے اور عالمی برادری اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کو فوری طور پر روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام ظلم، استکبار اور باطل قوتوں کے خلاف مزاحمت کا پیغام ہے۔ آج بھی جو طاقتیں مسلم ممالک پر جارحیت مسلط کر رہی ہیں، وہ اسی یزیدی فکر کی نمائندہ ہیں۔ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کی خطے میں مداخلت اور جارحانہ پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کربلا معلی کے علاقے نینوا میں زائرین کربلا کے خلاف امریکی و سعودی جارحیت اور شعائرِ اسلام کی بے حرمتی کی ہر کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمِ اسلام کے مقدسات کے خلاف کسی بھی جارحیت کو مسلمان کبھی قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بھی آئین، قانون کی بالادستی، مذہبی آزادی، اتحادِ امت اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عزاداریِ امام حسین علیہ السلام ہمارا آئینی، قانونی اور بنیادی انسانی حق ہے، صحبت پور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوس عزاء میں رکاوٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی آزادی کو یقینی بنائے۔

مجلس عزاء سے انجمن سپاہ علی اکبر علیہ السلام کے چیئرمین سید احسان علی شاہ بخاری علامہ سیف علی ڈومکی راجہ سید ریاض علی شاہ و دیگر نے خطاب کیا۔

google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں