سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے ) ریڈیو پاکستان سرگودھا ایف ایم 101 کے خصوصی یومِ آزادی نشریاتی سلسلے “میری پہچان پاکستان” کے تحت یکم اگست سے 14 اگست تک خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن کا مقصد حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا، قومی شناخت کو اجاگر کرنا اور معاشرے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کے تجربات اور افکار کو عوام تک پہنچانا ہے۔
اسی سلسلے کی ایک خصوصی نشست میں روسا اسحاق، چیف ایگزیکٹو آفیسر، ایونٹ اسٹائلنگ، مینجمنٹ اینڈ ٹریننگ سینٹر، اور سرٹیفائیڈ کاؤنسلر (مونٹیسوری اسپیشلسٹ) نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کے میزبان سبطین بلوچ نے مہمان سے ابتدائی تعلیم و تربیت، بچوں کی شخصیت سازی، والدین کے مؤثر کردار، نوجوانوں کی ذہنی و اخلاقی نشوونما، خواتین کی پیشہ ورانہ ترقی، ایونٹ اسٹائلنگ اور ایونٹ مینجمنٹ میں روزگار کے مواقع سمیت مختلف اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔
گفتگو کے دوران روسا اسحاق نے کہا کہ بچوں کی بہترین تربیت ہی ایک مضبوط اور باوقار معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ والدین، اساتذہ اور معاشرہ مل کر نوجوان نسل کو مثبت اقدار، خوداعتمادی اور عملی مہارتوں سے آراستہ کریں تاکہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
پروگرام کے پروڈیوسر محمد جمشید قادری جبکہ ایگزیکٹو پروڈیوسر فریحہ کنول تھیں۔
واضح رہے کہ “میری پہچان پاکستان” کا یہ خصوصی سلسلہ یکم اگست سے 14 اگست تک روزانہ ایف ایم 101 ریڈیو پاکستان سرگودھا سے نشر کیا جا رہا ہے، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔ اس خصوصی نشریاتی سلسلے کا مقصد یومِ آزادی کے موقع پر قومی یکجہتی، حب الوطنی، مثبت سوچ اور پاکستان کے روشن مستقبل کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے۔
8









