آزاد کشمیر الیکشن: لطیف اکبر پر حملہ ہوا اور پیپلز پارٹی کے کارکن کی شہادت کی اطلاع ہے۔قمر زمان
ایسے انتخابات سے جو حکومت بنےگی اس کی کیا ساکھ ہوگی، آزاد کشمیر کا یہ الیکشن ہم سے چھینا گیا ہے۔رہنما پیپلز پارٹی
مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں تحفظات کے باوجود دوسرے مرحلے میں حصہ لیا، لیکن پھر وہی روش اختیار کرتے ہوئے چوہدری لطیف اکبر پر قاتلانہ حملہ کیا اور پیپلز پارٹی کے ایک اور کارکن کی شہادت کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔مظفرآباد میں چوہدری مجید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا جب سے آزاد کشمیر کے انتخابات شروع ہوئے ہیں ایک ٹینشن کی فضا تھی، امن عامہ کی صورتحال بھی خراب تھی، تین مرحلوں کے انتخابات ہوئے جو ہمیں قبول نہ تھے، لیکن تحفظات کے باوجود ہم نےالیکشن میں حصہ لیا۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہماری نشاندہی کے باوجود صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر ان کے حلقے میں قاتلانہ حملہ ہوا، ابھی اطلاع آئی ہے کہ ہمارا ایک کارکن بھی شہید ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آدھے پولنگ اسٹیشنز پر عملہ 11، ساڑھے 11 بجے پہنچا، پھر عملہ آیا تو انہیں ن لیگ والے اپنے ساتھ لے گئے اور ٹھپے لگائے، ایل اے 28 بازل نقوی کے حلقے کی 3 یونین کونسلز میں سامان ہی نہیں پہنچا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا ایل اے27 میں بارشوں کی وجہ سے انتخابات نہیں ہو سکے، اگر یہ انتخاب انعقاد پر ہی متنازع ہوگیا تو نئی حکومت کیا کرے گی، اس وقت ہم ریاست بچانے کی باتیں کررہےہیں، ایسے انتخابات سے جو حکومت بنےگی اس کی کیا ساکھ ہوگی، آزاد کشمیر کا یہ الیکشن ہم سے چھینا گیا ہے۔