5

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)ضلع خوشاب میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جنرل

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)ضلع خوشاب میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جنرل انتخابات برائے حلقہ ایل اے-34(1) کے سلسلے میں بلاک نمبر 14 جوہرآباد، چک نمبر 53/MB اور اعظم کالونی (چک نمبر 45/MB) میں پولنگ کا عمل آج صبح 8:00 بجے سے پرامن ماحول میں جاری ہے۔ ضلع خوشاب میں مذکورہ حلقے کے لیے رجسٹرڈ ووٹروں کی کل تعداد 1100 ہے۔ پولنگ کے آغاز کے ساتھ ہی ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچنا شروع ہو گئے۔ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز کی سہولت کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ پریذائیڈنگ افسران کی نگرانی میں پولنگ عملہ اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے سرانجام دے رہا ہے۔
امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار مکمل طور پر چوکس اور الرٹ رہتے ہوئے اپنی ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد علی نے گورنمنٹ پرائمری سکول، چک نمبر 53/MB (بلاک 14) میں قائم پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا۔ انہوں نے پولنگ کے عمل، ووٹنگ کے طریقہ کار، انتخابی سامان کی دستیابی اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پریذائیڈنگ افسر نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو پولنگ کے انتظامات اور جاری انتخابی عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد علی نے کہا کہ ضلع کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کا عمل معمول کے مطابق، شفاف اور پرامن انداز میں جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون کے استعمال کی اجازت نہیں اور تمام متعلقہ افراد کو الیکشن کمیشن کے ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولنگ کا عمل شام 5:00 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں