November 19, 2026

اتباعِ سنت یا اتباعِ رسومات؟ جمعہ 24 جولائی 2026 تحقیق و تحریر: انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

Screenshot_2026-07-24_151851.968

اتباعِ سنت یا اتباعِ رسومات؟

جمعہ 24 جولائی 2026
تحقیق و تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

خواتین و حضرات، دینِ اسلام رب العزت کی طرف سے نازل کردہ ایک مکمل، سادہ اور فطری ضابطہ حیات ہے۔ اس میں انسان کی زندگی کے تمام مراحل، چاہے وہ خوشی ہو یا غم، پیدائش ہو یا وفات، انتہائی واضح اور مسنون طریقوں کے ساتھ بیان کر دیے گئے ہیں۔ لیکن افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ ہمارے معاشرے میں جذباتیت، رسم و رواج اور دین سے دوری کے باعث بے شمار ایسی خرافات اور بدعات شامل ہو چکی ہیں جنہوں نے دین کی اصل روح کو دھندلا کر دیا ہے۔
جب انسان کسی سخت آزمائش، طویل بیماری یا بسترِ مرگ پر موجود اپنے کسی عزیز کی دیکھ بھال کی کیفیت سے گزرتا ہے تو یہ ایک انتہائی حساس اور درد ناک وقت ہوتا ہے۔ ایسی حالت میں ایک طرف انسان عجز و بے بسی کا مجسمہ بن کر رب کی بارگاہ میں آسانیاں مانگتا ہے، جبکہ دوسری طرف اس کے ذہن میں انسانی زندگی کے فانی ہونے اور سکراتِ موت کی حکمتوں پر غور و فکر کا باب کھلتا ہے۔ اسلامی تعالیم کی روشنی میں طویل بیماری مومن کے لیے گناہوں کی پاکیزگی، درجات کی بلندی اور سچی توبہ کا ذریعہ بنتی ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ مومن کو پہنچنے والی ہر تکلیف، چاہے وہ کسی کانٹے کا چبھنا ہی کیوں نہ ہو، اس کے خطاؤں کا کفارہ بن جاتی ہے۔ دوسری طرف اگر کسی شخص کو ناگہانی یا حادثاتی موت آ جائے تو چونکہ اسے نزع میں توبہ یا وصیت کا وقت نہیں ملتا، اس لیے اللہ تعالیٰ نے اپنی خاص رحمت سے اسے شہیدِ آخرت کا درجہ عطا فرمایا ہے۔ یہ دونوں حالتیں انسان کو یہی درس دیتی ہیں کہ وہ نہ اپنی مرضی سے اس دنیا میں آتا ہے اور نہ اپنی مرضی سے واپس جاتا ہے۔
اسی موقع پر یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ سکراتِ موت کے وقت کون سے اعمال مسنون اور ثابت ہیں۔ ہمارے ہاں یہ بات عام ہے کہ قریب الموت شخص کے سرہانے سورہ یٰسین کی تلاوت کی جائے۔ حدیث کی کتابوں میں مسند احمد اور سنن ابوداؤد کے اندر معقل بن یسار رضی اللہ عنہ سے روایت ملتی ہے جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اپنے مرنے والوں پر سورہ یٰسین پڑھا کرو۔ تاہم ائمہ محدثین اور فقہاء نے اس روایت کی سند اور عمل کے حوالے سے باریک بین تجزیہ کیا ہے۔ کبارِ محدثین کے نزدیک اس حدیث کی سند میں ضعف موجود ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اپنے وصال کے موقع پر حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے معوذتین اور مسنون دعاؤں کا دم کرنا ثابت ہے، نہ کہ کسی مخصوص سورت کی تلاوت۔ صحابہ کرام اور اہل بیت کے عام معمولات میں بھی نزع کے وقت سورہ یٰسین کا پڑھنا بطورِ سنتِ مؤکدہ یا لازمی دینی حکم کے ثابت نہیں۔
تاہم معنوی اعتبار سے اگر کسی انسان نے زندگی میں قرآن کو سمجھ کر پڑھا ہو تو آخری وقت میں توحید، آخرت، حساب کتاب اور جنت و جہنم کے مضامین ذہن میں آنے سے اس کے دل میں پشیمانی اور ندامت پیدا ہوتی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ پشیمانی ہی اصل توبہ ہے۔ عجز کی اس آخری گھڑی میں دل سے نکلنے والی یہی سچی توبہ اور ندامت انسان کے تمام گناہوں کا کفارہ بن سکتی ہے۔
دین کی اصل اور سنتِ ثابتہ کی شناخت کے لیے سب سے بڑا کسوٹی اور معیار صحابہ کرام، اہل بیت اور قرونِ اولیٰ کے عربوں کا عمل ہے۔ جو عمل دورِ نبوی اور صحابہ کے عمومی معمول سے ثابت نہ ہو، اسے دین کا لازمی حصہ یا مسنون عمل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں ایک انتہائی غلط اور تباہ کن منطق نے جنم لے لیا ہے کہ جس کام سے صریحاً منع نہ کیا گیا ہو، اسے جائز یا ثواب سمجھ کر دین میں داخل کر دیا جاتا ہے۔ یہی وہ فکر ہے جس نے سنتِ نبوی کے رخِ انور کو چھپا دیا ہے۔ اسلام کا بنیادی قاعدہ یہ ہے کہ عبادات اور دینی امور میں صرف وہی عمل جائز اور باعثِ ثواب ہے جو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہو۔ اگر “منع نہ ہونے” کو دلیل بنا لیا جائے تو ہر شخص اپنی مرضی سے نئے نئے طریقے گھڑتا رہے گا۔
ہمارے پاکستان اور ارد گرد کے معاشرے میں بدعات اور خرافات کا بڑا حصہ شادی بیاہ، پیدائش اور فوتگی جیسے جذباتی مواقع پر جنم لیتا ہے۔ “لوگ کیا کہیں گے” کے خوف اور علماء و خطباء کی طرف سے ثواب کے من گھڑت فارمولوں نے جینا اور مرنا دونوں انتہائی مہنگا اور دشوار بنا دیا ہے۔ دینِ اسلام جو آسانیاں لے کر آیا تھا، وہ انسانی ساختہ رسومات کے نیچے دب کر رہ گیا ہے۔
اس تمام صورتحال کا واحد حل رجوع الی القرآن والسنت ہے۔ حجۃ الوداع کے موقع پر خطبہ دیتے ہوئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا تھا کہ میں تمہارے درمیان دو چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں، جب تک انہیں مضبوطی سے تھامے رکھو گے کبھی گمراہ نہ ہو گے، ایک اللہ کی کتاب اور دوسری میری سنت۔

حرف آخر:
جب تک ہم بحیثیتِ معاشرہ اور فرد اپنے اصل دین، سادگی اور اتباعِ سنت کی طرف واپس نہیں لوٹیں گے اور ان من گھڑت رسومات کا انفرادی و اجتماعی طور پر بائیکاٹ نہیں کریں گے، تب تک ہماری فلاح ممکن نہیں اور نہ ہی یہ معاشرتی و معاشی مشکلات ختم ہو سکتی ہیں۔

Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 00923008604333