ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر سخت نگرانی کا فیصلہ
ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر سخت نگرانی کا فیصلہ
ہارون آباد (حافظ ثاقب) ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ کی زیر صدارت ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، گرانفروشی، سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کے دورے کیے جائیں، سرکاری نرخنامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کروائے جائیں اور گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اشیائے خوردونوش مقررہ نرخوں پر فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اور مارکیٹ مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔