*مسلم یوتھ لیگ حیدرآباد کے زیرِ اہتمام “حاضر جوان” پروگرام کے تحت سوئمنگ، لائف سیونگ اور ریسکیو ٹریننگ کورس کا کامیاب انعقاد*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) مسلم یوتھ لیگ حیدرآباد کی جانب سے “حاضر جوان” پروگرام کے تحت نوجوانوں کی جسمانی، ذہنی اور عملی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایک جامع سوئمنگ، لائف سیونگ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹریننگ کورس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ کورس صرف تیراکی کی تربیت تک محدود نہیں بلکہ نوجوانوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے عملی مہارتیں بھی فراہم کر رہا ہے۔ کورس کے دوران شرکاء کو سوئمنگ، لائف سیونگ اسکلز، ریسکیو ٹریننگ، فائر سیفٹی، ابتدائی طبی امداد (فرسٹ ایڈ)، اور سیلف ڈیفنس کی عملی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنی اور دوسروں کی جان بچانے کے قابل بن سکیں۔ مسلم یوتھ لیگ کے مطابق “حاضر جوان” پروگرام کا مقصد ملک بھر کے نوجوانوں کو باصلاحیت، بااعتماد، منظم اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار بنانا ہے۔ اسی سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی ایسے تربیتی پروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔ اس موقع پر مسلم یوتھ لیگ حیدرآباد کے عہدیداران نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کے لیے صرف تعلیمی قابلیت ہی کافی نہیں بلکہ عملی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مہارتیں بھی نہایت ضروری ہیں۔ مسلم یوتھ لیگ نوجوانوں کو ایک صحت مند، محفوظ اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل کے لیے تیار کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔ مسلم یوتھ لیگ حیدرآباد کے صدر احمد چوہان، نائب صدر عبید الرحمٰن گدی اور جنرل سیکریٹری سعود شریم نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے تربیتی پروگراموں میں بھرپور شرکت کریں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔