November 18, 2026

سکھر(بیورورپورٹ) گرین مرچنٹس ایسوسی ایشن رجسٹرڈ سکھر کے صدر زبیر قریشی اور جنرل

Screenshot_2026-07-21_102015.199

سکھر(بیورورپورٹ) گرین مرچنٹس ایسوسی ایشن رجسٹرڈ سکھر کے صدر زبیر قریشی اور جنرل سیکرٹری شبیر میمن نے حالیہ ٹرین حادثات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے ٹریکس کی خراب حالت اور حفاظتی اقدامات میں غفلت کے باعث قیمتی جانوں اور قومی املاک کو مسلسل خطرات لاحق ہیں، صدر زبیر قریشی اور شبیر میمن نے کہا کہ گزشتہ دو روز قبل وہاب شاہ اسٹیشن پر مال گاڑی کو پیش آنے والے حادثے میں 16 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں ریلوے ٹریک شدید متاثر ہوا اور متعدد مسافر ٹرینیں منسوخ کرنا پڑیں جبکہ کئی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔ اس صورتحال کے باعث ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ تجارتی سرگرمیوں اور سامان کی ترسیل بھی متاثر ہوئی ، زبیر قریشی اور شبیر میمن نے وفاقی وزیر ریلوے، ریلوے حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ حادثے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹریکس کی بروقت مرمت، جدید سگنلنگ سسٹم کی تنصیب، انجنوں اور بوگیوں کی باقاعدہ فٹنس جانچ، اور حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے ملک کا اہم اور سستا سفری ذریعہ ہے، اس لیے اس کے انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ریلوے نظام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ مستقبل میں ٹرین حادثات کی روک تھام ممکن ہو اور عوام کا ریلوے پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔