جھنگ کے تعلیمی افق کا درخشندہ ستارہ: مٹی کا بیٹا، میرٹ کا امین: تنویر احمد غزالی
”جھنگ کے تعلیمی افق کا درخشندہ ستارہ: مٹی کا بیٹا، میرٹ کا امین: تنویر احمد غزالی
تحریر: شیخ محمد عرفان گولڑوی صحافی و کالم نگار جھنگ
کچھ شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کے عہدے ان کی پہچان نہیں بنتے، بلکہ وہ اپنے اخلاص، محنت اور کردار سے اس عہدے کو ایک نئی پہچان اور وقار بخشتے ہیں۔ ضلع جھنگ کے تعلیمی منظر نامے پر اگر آج ایک واضح اور مثبت تبدیلی نظر آ رہی ہے، تو اس کے پیچھے ایک ایسی ہی شخصیت کا وژن اور دن رات کی محنت کارفرما ہے، جسے دنیا تنویر احمد غزالی (سی ای او ایجوکیشن جھنگ) کے نام سے جانتی ہے۔ میرے لیے یہ بات انتہائی قابلِ فخر ہے کہ وہ نہ صرف ایک بہترین افسر ہیں، بلکہ میرے ایک نہایت مخلص اور دیرینہ دوست بھی ہیں۔ایک ایسے دور میں جہاں دفتری آرام پسندی اور فائلوں کا پیٹ بھرنا ہی بیوروکریسی کا خاصہ سمجھا جاتا ہے، تنویر احمد غزالی صاحب نے اس روایتی بت کو پاش پاش کر دیا ہے۔ ان کا دفتر صرف چار دیواری تک محدود نہیں، بلکہ جھنگ کی تپتی دھوپ ہو، دور دراز کے چاکات کے اسکول ہوں یا فیلڈ کے کٹھن دورے—وہ سارا دن میدانِ عمل میں متحرک نظر آتے ہیں۔ صبح کا سورج طلوع ہونے سے لے کر شام ڈھلنے تک، وہ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور اساتذہ و طلبہ کے مسائل کو موقع پر حل کرنے کے لیے فیلڈ میں پسینہ بہاتے دکھائی دیتے ہیں۔”محنت اور دیانت جب یکجا ہو جائیں، تو وہ معاشرے میں انقلاب کی بنیاد بنتی ہیں۔ غزالی صاحب کا فیلڈ ورک اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ نظام کو بدلنے کا سچا جذبہ رکھتے ہیں۔”ان کی سب سے بڑی اور نمایاں خصوصیت “صرف اور صرف میرٹ” ہے۔ انہوں نے سفارش، دباؤ اور ذاتی پسند ناپسند کو بالائے طاق رکھ کر ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دیا ہے۔ جھنگ کے محکمہ تعلیم میں میرٹ کی بالادستی قائم کرنا ان کا وہ تاریخی کارنامہ ہے جسے دوست تو دوست، مخالفین بھی تسلیم کرنے پر مجبور ہیں۔ ان کا واضح پیغام ہے کہ کام صرف کارکردگی اور قانون کے مطابق ہوگا، کسی کو حق تلفی کی اجازت ہوگی اور نہ ہی کسی نااہل کی حوصلہ افزائی۔ایک صحافی اور کالم نگار کی حیثیت سے میں نے ہمیشہ حق کا ساتھ دیا ہے اور جب میں اپنے دوست تنویر احمد غزالی کو جھنگ کے بچوں کے مستقبل کے لیے یوں دن رات ایک کرتے دیکھتا ہوں، تو دل سے دعا نکلتی ہے۔ وہ جھنگ کے تعلیمی نظام کے لیے ایک چھاؤں دار درخت کی مانند ہیں، جس کے سائے تلے میرٹ پروان چڑھ رہا ہے۔تنویر احمد غزالی صاحب! آپ کی محنت، آپ کا اخلاص اور آپ کا یہ میرٹ پسندی کا سفر جھنگ کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ جھنگ کے عوام اور خاص طور پر پسماندہ علاقوں کے بچے آپ کی اس لگن کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ آپ جیسے مخلص دوست اور دیانتدار افسر پر جتنا بھی فخر کیا جائے، وہ کم ہے۔