سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) ریڈیو پاکستان ایف ایم 101 سے پروگرام ادب نامہ میں “ ادب سماج اور انسانیت “ کے موضوع پر گفتگو نشر کی گئی ۔
پروگرام کی میزبان منزہ انور گوئندی اور پروڈیوسر فریحہ کنول تھیں ۔
شرکائے گفتگو شاعر و ادیب ممتاز عارف ، سماجی رہنما بابا شفیق ڈوگر ، سماجی رہنما ملک آفتاب اعوان ، سماجی شخصیت محترمہ رفعت رانی ، سماجی شخصیت جاوید اقبال باجوہ اور سماجی شخصیت انجینئر عابد حسین تھے
ادب سماج اور انسانیت کے عنوان پر گفتگو کرتے ہوئے ممتاز عارف نے کہا کہ شاعر اور ادیب جو بھی تخلیق کرتا ہے وہ گرچہ کوئی تنبیہ و نصائح نہیں ہوتے لیکن جو پیغام اس میں مضمر ہوتا ہے وہ سراسر انسانیت کے جذبے کو فروغ دیتا ہے ۔ بیشتر شعراء اور ادباء نے انسانی حقوق کی بات کی ہے اور اپنی شاعری اور نثر نگاری میں سماجی مسائل کی نشاندہی کی ہے ۔ منزہ انور گوئندی نے سماجی مسائل کے ادب پر اثرات کے حوالے سےکہا کہ شاعری انسانیت کا اوج کمال ہے جس میں ایک ادیب اور شاعر عوامی مسائل کو اپنے جذبات گداز بخشتا ہے انہوں نے سرگودھا میں خدمت خلق کی مثال دیتے ہوئے اپنے والد انور گوئندی کے مشاعرہ کامران کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ مشاعرہ کامران کو لوگ ٹکٹ خرید کر سنا کرتے تھے جس سے ہونے والی آمدن کو کار خیر میں لگایا جاتا تھا اور ریڈ کراس اور نابینا افراد کے اداروں کی مالی معاونت کی جاتی تھی ۔ سماجی رہنما بابا شفیق ڈوگر نے کہا کہ ان کی سماجی خدمات کو تیس سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے جس میں انہوں نے شیلٹر ہوم ، چائلڈ لیبر ، یتیم و بے سہارا بچوں کی معاونت اور بھکاری افراد کو کاروبار کی جانب راغب کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے جس میں وہ کلی طور پر کامیاب رہے ہیں ۔ ملک آفتاب اعوان نے کہا کہ ادب اور سماج دونوں سے ان کا گہرا رشتہ ہے ان کے والد ادب کے خدمت گزار تھے اور یہ چیز انہیں ورثے میں ملی ہے فلاحی تنظیموں کے ذریعے انہوں نے عوامی بھلائی کو اپنا شعار بنایا اور مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے بے شمار کام کیے ان کی سماجی خدمات کو تین سے زائد دہائیاں گزر چکی ہیں ، جاوید باجوہ نے معذور افراد کی بحالی سکیم کے تحت سینکڑوں وہیل چئیرز تقسیم کی ہیں جن سے جسمانی طور پر معذور افراد کو نئی زندگی ملی ہے انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کی مدد سے وہ اس نیک کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے اہل ہوئے ہیں محترمہ رفعت رانی نے شیلٹر ہوم کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی مشکل اور حساس کام ہے لیکن انہوں نے اس ضمن میں خواتین کی دوبارہ بحالی اور گھروں میں آبادی کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کی ہے جس میں وہ مکمل طور پہ کامیاب رہی ہیں ، انجینئر عابد حسین نے کہا کہ وہ قلم اور علم کے ساتھ ساتھ بچوں کی نگہداشت اور ذہنی تربیت پر کام کر رہے ہیں اور ایس او ایس ویلج میں ان کی کامیاب اسکیم نے معاشرے پر مثبت اثرات ڈالے ہیں ۔ پروگرام کے آخر میں جناب ممتاز عارف نے اپنا کلام سنا کر ماحول کو انتہائی پُر تاثیر بنایا اور انجینئر عابد حسین نے خدمت انسانی کے موضوع پر اپنی نظم پیش کی ۔
15









