پانی کی شدید قلت، کسانوں کا محکمہ آبپاشی کے خلاف احتجاج، ٹائر جلا کر روڈ بلاک۔۔۔
پانی کی شدید قلت، کسانوں کا محکمہ آبپاشی کے خلاف احتجاج، ٹائر جلا کر روڈ بلاک۔۔۔
جیکب آباد (رپورٹ: اے جی بلوچ) ضلع جیکب آباد کے علاقے بقاپور, دستی اور احمد پور یونین کونسلوں کے گاؤں قلات خان کوسو علي پور اور زمیندار میر غلام صابر خان کوسو کے گاؤں سمیت مختلف گاٶں کے آبادگارں کو پانی کی شدید قلت درپیش هے جس کے باعث سینکڑوں کسانوں کی فصلوں کے بیج جل کر تباہ ہونے لگے، مشتعل کسانوں اور اہل علاقہ نے محکمہ آبپاشی (ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ) کی مبینہ غفلت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دیا۔
مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا اور محکمہ آبپاشی کے افسران کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاج کی قیادت گل محمد ٹالانی، یار محمد جکھرانی، امداد بھٹی، الیاس جکھرانی، شکل جکھرانی اور دیگر مقامی رہنماؤں نے کی۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ محکمہ آبپاشی کی جانب سے پانی کی منصفانہ تقسیم نہ ہونے کے باعث ہماری زرعی زمینیں بنجر ہو رہی ہیں اور لاکھوں روپے مالیت کے بیج جل کر ختم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بارہا حکامِ بالا کو صورتحال سے آگاہ کر چکے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔
مظاہرین نے حکومتِ سندھ اور محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا کہ بقاپور اور احمد پور یو سی کی نہروں میں پانی کی فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔