8

خوشاب(راجہ نورالٰہی عاطف سے) سوشل میڈیا پر پٹرول کی ممکنہ قلت سے متعلق زیر گردش خبروں کے

خوشاب(راجہ نورالٰہی عاطف سے) سوشل میڈیا پر پٹرول کی ممکنہ قلت سے متعلق زیر گردش خبروں کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نورپور تھل شازیہ رحمان فوری طور پر متحرک ہو گئیں۔ انہوں نے پیرا فورس کی ٹیموں کے ہمراہ تحصیل بھر کے مختلف پٹرول پمپس کا دورہ کیا اور وہاں پٹرول اور ڈیزل کی دستیابی، سپلائی اور فروخت کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر پیرا فورس کے ذمہ داران نے بتایا کہ تحصیل نورپور تھل کے تمام پٹرول پمپس کو چیک کیا گیا ہے، جہاں پٹرول اور ڈیزل کا وافر سٹاک موجود ہے اور شہریوں کو معمول کے مطابق ایندھن فراہم کیا جا رہا ہے۔ فی الحال تحصیل میں پٹرول یا ڈیزل کی کسی قسم کی قلت نہیں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی خبروں کے باعث شہری احتیاطاً اپنی گاڑیوں کی ٹینکیاں فل کروا رہے ہیں، جس سے بعض مقامات پر رش دیکھنے میں آ رہا ہے، تاہم سپلائی کا نظام معمول کے مطابق جاری ہے اور گھبرانے یا غیر ضروری خریداری کی کوئی ضرورت نہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر شازیہ رحمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر زیر گردش غیر مصدقہ خبروں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی شہری کو کسی بھی پٹرول پمپ پر پٹرول یا ڈیزل کی فراہمی میں رکاوٹ یا شکایت کا سامنا ہو تو وہ فوری طور پر اسسٹنٹ کمشنر آفس نورپور تھل کے فون نمبر 0454-850265 پر رابطہ کرکے اپنی شکایت درج کرا سکتا ہے، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عوامی، سماجی اور تجارتی حلقوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے تناظر میں اسسٹنٹ کمشنر شازیہ رحمان کی بروقت کارروائی، فیلڈ وزٹ اور عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں