زیر تعمیر تمام کالجز کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرکے کلاسز شروع کیا جائیں۔وزیر اعلی گلگت بلتستان
خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور ان کی تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔امجد حسین آزر
گلگت بلتستان(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین آزر نے محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے محکمانہ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیر تعمیر تمام کالجز کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرکے کلاسز شروع کئے جائیں اور کالجوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ ایف پی ایس سی کے تحت لیکچرارز کے بھرتیوں کے عمل کو تیز کیا جائے۔ کالجز میں ایڈمن اور ٹیچنگ کیڈر الگ کرنے پر بھی توجہ دی جائے۔ ڈگری کالجز میں روایتی مضامین کے بجائے جدید تقاضوں کی مطابق ڈیمانڈ کے مضامین متعارف کرائے جائیں۔ ملازمین کی زیر التواء ترقیوں کے کیسز کو جلد حتمی شکل دینے کیلئے ریکروٹمنٹ رولز متعلقہ فورم میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس موقع پر صوبائی سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ گلگت اور سکردو میں سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس میں خصوصی افراد کیلئے میٹرک کی کلاسز شروع کی جائیں جس کیلئے درکار ضروری وسائل کی فراہمی صوبائی حکومت یقینی بنائے گی۔ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور ان کی تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر پولی ٹیکنیکل کالج کو بہتر بنانے اور جدید تقاضوں کے مطابق شارٹ کورسز متعارف کرانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام انٹر کالجز میں چائینز لینگویج کو کورسز میں شامل کیا جائے گا۔