سکھر: کھلے گٹر میں گرنے سے معمر خاتون زخمی، شہریوں کا میونسپل کارپوریشن کی غفلت پر شدید احتجاج
سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی ان لاین نیوز)سکھر میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ ٹاؤن کمیٹی انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث شکارپور پھاٹک کے قریب گولی مار کے علاقے میں ایک معمر خاتون کھلے گٹر میں گر کر زخمی ہوگئیں۔ خوش قسمتی سے موقع پر موجود نوجوانوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو بحفاظت گٹر سے باہر نکال لیا، تاہم ان کی چادر اور گھر کے لیے خریدا گیا سامان گٹر میں بہہ گیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات معمر خاتون روزمرہ کی خریداری کے بعد اپنے گھر واپس جا رہی تھیں کہ علاقے میں اندھیرا اور اسٹریٹ لائٹس کی بندش کے باعث انہیں راستے میں موجود کھلا گٹر دکھائی نہ دیا، جس کے نتیجے میں وہ اچانک گٹر میں جا گریں۔ خاتون کی چیخ و پکار سن کر قریبی رہائشی اور راہگیر فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے، جہاں نوجوانوں نے جانفشانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں بحفاظت باہر نکال لیا۔حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون نے روتے ہوئے بتایا کہ وہ گھر کے استعمال کا سامان خرید کر واپس جا رہی تھیں، لیکن کھلے گٹر کی وجہ سے حادثے کا شکار ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران ان کی چادر اور خریداری کا سامان بھی گٹر میں گر کر ضائع ہو گیا۔واقعے کے بعد علاقے کے مکینوں اور شہریوں نے سکھر میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ ٹاؤن انتظامیہ کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد گٹر بغیر ڈھکن کے کھلے پڑے ہیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، مگر انتظامیہ کی غفلت کے باعث عوام کو روزانہ خطرناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ سکھر شہر کے تمام کھلے گٹروں پر فوری طور پر مضبوط ڈھکن نصب کیے جائیں، خراب اور بند اسٹریٹ لائٹس کو فعال بنایا جائے اور عوام کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ اس قسم کے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔