ہیومن رائٹس پروٹیکشن فورم کی پریا کماری کی بازیابی کے لیے ببرلو بائی پاس دھرنے میں بھرپور شرکت
ہیومن رائٹس پروٹیکشن فورم کی پریا کماری کی بازیابی کے لیے ببرلو بائی پاس دھرنے میں بھرپور شرکت
سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین )ہیومن رائٹس پروٹیکشن فورم کے مرکزی چیئرمین محبوب چانگ کی قیادت میں فورم کے وفد نے مرکزی لیڈیز ونگ کی چیئرپرسن میڈم انیسہ بلوچ اور لیڈیز ونگ کی عہدیدار خواتین کے ہمراہ ببرلو بائی پاس پر پریا کماری کی بازیابی کے لیے جاری دھرنے میں شرکت کی. وفد قافلے کی صورت میں دھرنا مقام پر پہنچا جہاں دھرنے کے شرکاء سے ملاقات کی گئی اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا. اس موقع پر فورم کے رہنماؤں نے کہا کہ پریا کماری کی جلد از جلد بازیابی ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں مزید تاخیر قابل قبول نہیں. مرکزی چیئرمین محبوب چانگ نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے فوری اور مؤثر اقدامات کرتے ہوئے پریا کماری کو بحفاظت بازیاب کرائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے. انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو جان و مال کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی آئینی حق ہے، جسے ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے. مرکزی لیڈیز ونگ کی چیئرپرسن میڈم انیسہ بلوچ نے کہا کہ خواتین اور بچوں کا تحفظ معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے. انہوں نے مطالبہ کیا کہ پریا کماری کی بازیابی کے لیے جاری کوششوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے. وفد نے دھرنے کے شرکاء کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ پریا کماری کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں.