November 18, 2026

پریا ایکشن کمیٹی کا بڑا فیصلہ: 22 روز کے پرامن احتجاج کے بعد جمعہ کو ببرلو بائی پاس مکمل بلاک

IMG-20260716-WA0329

پریا ایکشن کمیٹی کا بڑا فیصلہ: 22 روز کے پرامن احتجاج کے بعد جمعہ کو ببرلو بائی پاس مکمل بلاک کرنے کا اعلان، شہریوں اور ماؤں کو شرکت کی اپیل
حکومتی بے حسی کے خلاف احتجاجی تحریک اگلے مرحلے میں داخل، حتمی لائحہ عمل جاری
پریا کماری، اجالا سولنگی اور فاطمہ سمیت دیگر بچوں کے انصاف کے لیے جاری ببرلو دھرنا اب شدت اختیار کرے گا

سکھر (بیورورپورٹ) لاپتا بچوں کی بازیابی اور انصاف کے اصول کے لیے ببرلو بائی پاس پر جاری دھرنے نے 22 روز مکمل ہونے پر ایک نیا اور انتہائی رخ اختیار کر لیا ہے. پریا ایکشن کمیٹی کی رہنما سہنی پارس نے حکومت کو دیا گیا تین روزہ الٹی میٹم ختم ہونے کے بعد باقاعدہ اعلان کیا ہے کہ آنے والے جمعہ کے روز ببرلو بائی پاس کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بلاک (جام) کر دیا جائے گا. انہوں نے سندھ بھر کے عوام بالخصوص ماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل اور انصاف کی اس تحریک میں عملی طور پر دھرنے کا حصہ بنیں. پریا ایکشن کمیٹی کے مطابق، گذشتہ 22 دنوں سے متاثرہ خاندانوں اور سول سوسائٹی کا احتجاج مکمل طور پر پرامن رہا، لیکن حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی سنجیدہ پیش رفت سامنے نہیں آئی. الٹی میٹم کی مدت ختم ہونے کے بعد اب احتجاج کے دائرہ کار کو وسیع کیا جا رہا ہے. انہوں نے واضح کیا کہ پرامن احتجاج ہمارا آئینی حق ہے اور انتظامیہ کی ہٹ دھرمی ہمیں سخت فیصلے کرنے پر مجبور کر رہی ہے. پریا ایکشن کمیٹی اس وقت پریا کماری، اجالا سولنگی، فاطمہ سمیت تقریباً 20 سے زائد لاپتا اور قتل ہونے والے بچوں کے مقدمات کی پیروی کر رہی ہے. کمیٹی کا پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے یہ بنیادی مطالبہ ہے کہ بچوں کی گمشدگی اور قتل کے کیسز پر اب تک ہونے والی تحقیقات کی شفاف رپورٹ پبلک کی جائے. گرفتار ملزمان کی تفصیلات اور کیس کا تمام ریکارڈ و شواہد منظرِ عام پر لائے جائیں، متاثرہ خاندانوں کو یقین دہانی کروانے کے بجائے عملی طور پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے. پریا ایکشن کمیٹی نے سندھ بھر کے تاجروں، طلبہ، سماجی کارکنوں اور خاص طور پر خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ کے روز بڑی تعداد میں ببرلو بائی پاس پہنچ کر متاثرہ ماؤں کے بازو بنیں تاکہ معصوم بچوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے.