November 18, 2026

سکھر سینٹرل جیل میں زیرِ ٹرائل 24 سالہ قیدی کی مبینہ خودکشی، ورثا نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ

IMG-20260716-WA0327

سکھر سینٹرل جیل میں زیرِ ٹرائل 24 سالہ قیدی کی مبینہ خودکشی، ورثا نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین۔ زیدی) سکھر کی سینٹرل جیل میں 24 سالہ زیرِ ٹرائل قیدی دنیش کمار ولد چاند نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ جیل انتظامیہ کے مطابق دنیش کمار گزشتہ دو ماہ سے شراب ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں عدالتی ریمانڈ پر جیل میں قید تھا۔جیل انتظامیہ کے مطابق دنیش کمار کو 11 مئی 2026ء کو جیل منتقل کیا گیا تھا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منشیات کے استعمال کے شبہ کے باعث اسے نگرانی کے لیے جیل اسپتال میں رکھا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ 16 جولائی کی شب اس نے جیل اسپتال کے واش روم میں اپنی پتلون کی ڈوری کے ذریعے گلے میں پھندا ڈال کر مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔واقعے کے فوراً بعد جیل عملے نے دنیش کمار کو طبی امداد کے لیے جیل اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔ذرائع کے مطابق دنیش کمار کو سکھر کے سی سیکشن تھانے کی پولیس نے شراب ایکٹ کے تحت درج مقدمہ نمبر 172/2026 میں گرفتار کرکے عدالتی حکم پر سینٹرل جیل بھیجا تھا۔
بعد ازاں متوفی کی میت پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال روہڑی منتقل کی گئی، تاہم ورثا نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کرتے ہوئے میت ان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ ضروری قانونی اور کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔دوسری جانب متوفی کے بھائی آکاش اور والد چاند نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس پر سنگین الزامات عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیش کمار کبھی کبھار شراب پیتا تھا لیکن اس کی فروخت میں ملوث نہیں تھا، جبکہ پولیس نے اس کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گرفتاری کے بعد پہلے اسے نئی پنڈ تھانے میں رکھا گیا، بعد ازاں سی سیکشن تھانے میں اس پر مبینہ طور پر جھوٹا مقدمہ درج کرکے جیل بھیج دیا گیا، جہاں اسے مسلسل ذہنی دباؤ کا سامنا تھا۔ورثا کے مطابق دو روز قبل آکاش اور اس کی بہن نے جیل میں دنیش کمار سے ملاقات کی تھی، اس وقت وہ بالکل معمول کے مطابق خوش اور مطمئن تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 16 جولائی کو اس کی عدالت میں پیشی بھی تھی اور توقع تھی کہ اگست میں وہ ضمانت یا رہائی کے بعد گھر واپس آ جائے گا، مگر رات کو اچانک اس کی مبینہ خودکشی کی اطلاع ملی۔متوفی کے اہل خانہ نے خودکشی کے واقعے پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں، حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں اور اگر کسی کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ انہیں انصاف فراہم کیا جا سکے۔