غریب میڈیکل ریپ اسلحے کے زور پر موبائل فون سے محروم، ایس ایس پی سکھر سے موبائل ٹریس کروا کر برآمدگی کی اپیل
سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز)شکارپور روڈ پر نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے دن دہاڑے ایک غریب میڈیکل ریپ سے اسلحے کے زور پر قسطوں پر خریدا گیا قیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔ واردات کے بعد متاثرہ شہری نے اعلیٰ پولیس حکام سے انصاف اور موبائل فون کی فوری برآمدگی کی اپیل کی ہے۔تفصیلات کے مطابق اورنگزیب سومرو نامی شہری، جو پیشے کے اعتبار سے میڈیکل ریپ ہے، شکارپور روڈ سے گزر رہا تھا کہ اسی دوران دو نامعلوم مسلح افراد موٹرسائیکل پر سوار ہو کر اس کے قریب آئے۔ملزمان نے اسلحہ تان کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے اس سے قسطوں پر خریدا گیا موبائل فون چھین لیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
متاثرہ شہری اورنگزیب سومرو کا کہنا ہے کہ وہ محدود آمدنی پر اپنے اہل خانہ کی کفالت کرتا ہے اور بڑی مشکل سے قسطوں پر موبائل فون خریدا تھا، جو اس کے روزگار کا اہم ذریعہ بھی تھا۔ واردات کے باعث اسے شدید مالی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے ایس ایس پی سکھر سے اپیل کی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور موبائل ٹریسنگ سسٹم کی مدد سے ان کا موبائل فون فوری طور پر ٹریس کر کے برآمد کیا جائے اور واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔شہری حلقوں نے بھی شکارپور روڈ پر بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں گشت بڑھایا جائے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔