November 18, 2026

سکھر: مبینہ زیادتیوں اور راستے پر قبضے کے خلاف کلہوڑو برادری کا احتجاج، ایس ایس پی سے فوری انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ

IMG-20260715-WA0243

سکھر: مبینہ زیادتیوں اور راستے پر قبضے کے خلاف کلہوڑو برادری کا احتجاج، ایس ایس پی سے فوری انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز)تعلقہ پنوعاقل کے گاؤں باغ پئی کے رہائشی کلہوڑو برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے مبینہ طور پر گاؤں کے راستے اور نالی پر قبضے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاجی مظاہرے میں عبدالغفار کلہوڑو، نجیب اللہ کلہوڑو، مائی جاویداں، سعیداں خاتون سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر مظاہرین نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گاؤں کے بااثر شخص عجیب کلہوڑو نے ان کے گھروں کے سامنے واقع نالی اور آمدورفت کے واحد راستے پر مبینہ طور پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے مذکورہ شخص سے قبضے کے بارے میں بات کی تو اس نے مبینہ طور پر انہیں سنگین نتائج بھگتنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور گاؤں چھوڑنے کا کہا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ غریب اور بے سہارا لوگ ہیں، جبکہ نامزد شخص بااثر ہونے کے باعث انہیں مسلسل ہراساں کر رہا ہے، جس کی وجہ سے انہیں اپنی جان و مال کا شدید خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے وہ تحریری درخواست ایس ایس پی سکھر کو بھی جمع کرا چکے ہیں، تاہم تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔احتجاج کرنے والوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی سکھر اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، مبینہ طور پر راستے اور نالی پر کیے گئے ناجائز قبضے ختم کرائے جائیں، نامزد شخص کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو جان و مال کا تحفظ اور فوری انصاف فراہم کیا جائے۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو وہ اپنے احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔