November 18, 2026

سکھر: محکمہ خوراک سندھ میں مبینہ کرپشن، جعلی ڈسپیچ، شارٹیج اور سفارشی کلچر کے الزامات، آٹے کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچ گئیں

IMG-20260715-WA0242

سکھر: محکمہ خوراک سندھ میں مبینہ کرپشن، جعلی ڈسپیچ، شارٹیج اور سفارشی کلچر کے الزامات، آٹے کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچ گئیں

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی ان لاین نیوز)محکمہ خوراک سندھ ایک بار پھر مبینہ کرپشن، گندم کی خرد برد، جعلی ڈسپیچ، شارٹیج اور سفارشی کلچر کے الزامات کی زد میں آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اربوں روپے کے گندم اسکینڈل کے باوجود محکمہ میں میرٹ اور سروس اسٹرکچر کو نظر انداز کرتے ہوئے اہم عہدوں پر من پسند افسران کی تعیناتیاں کی جا رہی ہیں، جس کے باعث محکمہ کی کارکردگی متاثر ہونے کے ساتھ گندم کی فراہمی کا نظام بھی سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکھر میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر (DFC) کی گریڈ 18 کی اسامی پر مبینہ طور پر گریڈ 16 کے افسر ذوالفقار کلوڑ کو تعینات کیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ انتظامی نااہلی اور ناقص پالیسیوں کے باعث سکھر کے سرکاری گندم گودام تقریباً خالی ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں آٹے کی قلت اور قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے اپنے ایک قریبی ساتھی، چند ماہ میں ریٹائر ہونے والے ملازم سلیم احمد کے ہمراہ صالح پٹ تعلقہ میں نجی گوداموں کے خلاف کارروائیاں کیں۔ الزام ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران مبینہ طور پر لاکھوں روپے وصول کیے گئے، جبکہ رشوت نہ ملنے پر متعدد زمینداروں اور نجی فلور ملز کے گودام سیل کر دیے گئے۔ دوسری جانب متاثرہ فلور ملز مالکان نے محکمہ خوراک کی کارروائیوں کو سندھ ہائی کورٹ سکھر میں چیلنج کیا۔ آئینی درخواست کی سماعت کے دوران 14 جولائی 2026 کو عدالت نے محکمہ خوراک کو نجی گوداموں کے خلاف مزید کارروائی سے روکنے کا حکم جاری کر دیا۔ ادھر سکھر کے سرکاری گندم گودام خالی ہونے کے باعث نجی فلور ملز مالکان نے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ شہریوں کے مطابق سکھر شہر، روہڑی، صالح پٹ، پنوعاقل، کندھرا اور پٹنی سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں آٹا 140 سے 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جس سے عوام شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ شکھر کے شہریوں، سماجی حلقوں اور صحافیوں نے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر خوراک سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، اینٹی کرپشن اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ خوراک میں مبینہ کرپشن، غیر قانونی تعیناتیوں، گندم کی خرد برد، جعلی ڈسپیچ اور دیگر بے ضابطگیوں کی شفاف تحقیقات کرا کر ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ واضح رہے کہ خبر کی اشاعت سے قبل ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ذوالفقار کلوڑ سے ان کا مؤقف جاننے کے لیے فون پر متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم انہوں نے کال موصول نہیں کی، جس کے باعث ان کا مؤقف حاصل نہ ہو سکا۔ اگر ان کا مؤقف موصول ہوا تو اسے بھی شائع کیا جائے گا۔