November 18, 2026

خیرپور میں بی آئی ایس پی کی اقساط سے مبینہ کٹوتیوں کا سلسلہ جاری، مستحق خواتین سراپا احتجاج

Screenshot_2026-07-13_064007.418

خیرپور میں بی آئی ایس پی کی اقساط سے مبینہ کٹوتیوں کا سلسلہ جاری، مستحق خواتین سراپا احتجاج
ایک سے تین ہزار روپے تک کی مبینہ کٹوتی، انتظامیہ پر خاموشی کا الزام، سیاسی و سماجی حلقوں کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

سکھر/خیرپور (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین۔ زیدی ان لاین نیوز) ضلع خیرپور میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت مستحق خواتین کو ملنے والی مالی امداد کی اقساط میں مبینہ طور پر ایک ہزار سے تین ہزار روپے تک کی غیرقانونی کٹوتیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے باعث ہزاروں مستحق خواتین شدید پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں۔ متاثرہ خواتین نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈیوائس ہولڈرز مکمل رقم ادا کرنے کے بجائے مختلف حیلوں بہانوں سے ان کی امدادی رقم میں کٹوتی کر رہے ہیں، جبکہ شکایات کے باوجود متعلقہ حکام مؤثر کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔ذرائع کے مطابق ضلع خیرپور میں بی آئی ایس پی کی جانب سے مستحق خواتین کو فراہم کی جانے والی 14 ہزار 500 روپے کی امدادی قسط میں سے مختلف مقامات پر ایک ہزار سے تین ہزار روپے تک کی مبینہ کٹوتی کی جا رہی ہے۔ یہ شکایات صرف خیرپور شہر تک محدود نہیں بلکہ رانی پور، گمبٹ، پیر گوٹھ، کنگری، پریالو، سوبھوڈیرو، کوٹ ڈیجی اور ضلع کے دیگر علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں سامنے آئی ہیں۔متاثرہ خواتین کا کہنا ہے کہ جب وہ اپنی امدادی رقم وصول کرنے کے لیے مقررہ ڈیوائس ہولڈرز یا ادائیگی مراکز پر پہنچتی ہیں تو انہیں مکمل رقم دینے کے بجائے مختلف بہانے بنا کر رقم کا کچھ حصہ کاٹ لیا جاتا ہے۔ خواتین کے مطابق اگر وہ کٹوتی پر اعتراض کریں تو بعض اوقات انہیں رقم دینے سے انکار کر دیا جاتا ہے یا دوبارہ آنے کا کہا جاتا ہے، جس کے باعث وہ مجبوری کے تحت کٹی ہوئی رقم وصول کرنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں اب تک لاکھوں روپے کی مبینہ کٹوتیاں کی جا چکی ہیں، تاہم متاثرہ خواتین کی مسلسل شکایات کے باوجود ضلعی انتظامیہ نے تاحال اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس نہیں لیا، جس پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔دوسری جانب متاثرہ خواتین کا کہنا ہے کہ انہوں نے بی آئی ایس پی حکام سے بھی رابطہ کیا، تاہم انہیں بتایا گیا کہ اقساط کی ادائیگی کے عمل کی نگرانی اب ضلعی انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں آتی ہے اور اس حوالے سے کارروائی بھی انتظامیہ ہی کر سکتی ہے۔ خواتین کے مطابق اس مؤقف کے بعد ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں کیونکہ انہیں کسی بھی ادارے سے مؤثر داد رسی نہیں مل رہی۔ادھر باخبر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر مبینہ کٹوتیوں کا سلسلہ متعلقہ عملے اور ڈیوائس ہولڈرز کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتا۔ تاہم اس حوالے سے متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔معاملے پر سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت، بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن، صوبائی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مبینہ کٹوتیوں میں ملوث عناصر کے خلاف شفاف تحقیقات کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے، متاثرہ خواتین کو ان کی مکمل امدادی رقم واپس دلائی جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام وضع کیا جائے تاکہ مستحق خاندانوں کا حق کسی صورت متاثر نہ ہو۔