November 18, 2026

پروفیسر ڈاکٹر ارم اقبال — تعلیمی قیادت، بہترین انتظامی صلاحیتوں اور طلبہ دوستی کی روشن مثال

IMG-20260715-WA0225

پروفیسر ڈاکٹر ارم اقبال — تعلیمی قیادت، بہترین انتظامی صلاحیتوں اور طلبہ دوستی کی روشن مثال

خصوصی تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف

تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے، جبکہ تعلیمی اداروں کی کامیابی ایسے باصلاحیت، مخلص اور فرض شناس منتظمین سے وابستہ ہوتی ہے جو اپنی ذمہ داریوں کو صرف ایک سرکاری منصب نہیں بلکہ قومی امانت سمجھ کر ادا کرتے ہیں۔ ضلع خوشاب میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز خدمات انجام دینے والی پروفیسر ڈاکٹر ارم اقبال انہی باصلاحیت اور متحرک تعلیمی شخصیات میں شمار ہوتی ہیں، جنہوں نے مختصر عرصے میں اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں، محنت اور عملی اقدامات سے ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔
جب سے پروفیسر ڈاکٹر ارم اقبال نے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ضلع خوشاب کا چارج سنبھالا ہے، وہ سرکاری کالجز میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے، اساتذہ کے مسائل کے حل، طلبہ و طالبات کی فلاح و بہبود اور تعلیمی نظم و ضبط کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہیں۔ ان کی انتظامی بصیرت، بروقت فیصلے اور عملی نگرانی اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے مکمل آگاہ ہیں اور انہیں احسن انداز میں نبھا رہی ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر ارم اقبال کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ وہ دفتر تک محدود رہنے کے بجائے ضلع بھر کے سرکاری بوائز اور گرلز کالجز کے مسلسل دورے کر رہی ہیں۔ ان دوروں کے دوران وہ نہ صرف تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیتی ہیں بلکہ اساتذہ اور طلبہ سے براہ راست ملاقات کرکے ان کے مسائل، تجاویز اور ضروریات سے بھی آگاہ ہوتی ہیں۔ یہی عملی اندازِ قیادت کسی بھی تعلیمی نظام کی بہتری میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کالجز میں معیاری تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی، نظم و ضبط، اخلاقی تربیت اور مثبت ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔ ان کی زیر نگرانی ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کا مقصد نوجوان نسل کو صرف ڈگری ہولڈر بنانا نہیں بلکہ ایک باکردار، باصلاحیت اور ذمہ دار شہری بنانا ہے۔
ان دنوں سرکاری کالجز میں داخلہ مہم جاری ہے، اور پروفیسر ڈاکٹر ارم اقبال اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں۔ وہ مختلف کالجز کے دوروں کے ذریعے داخلوں کی پیش رفت کا جائزہ لے رہی ہیں، ادارہ جاتی انتظامات کو بہتر بنا رہی ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہیں کہ زیادہ سے زیادہ طلبہ و طالبات سرکاری کالجز میں داخلہ لے کر معیاری اور سستی تعلیم سے مستفید ہو سکیں۔ ان کی یہ کاوش یقیناً ضلع خوشاب میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایک خوش آئند اور قابلِ تحسین قدم ہے۔
یہ بات خوش آئند ہے کہ ان کی انتھک محنت اور مثبت اقدامات کو عوامی، سماجی اور تعلیمی حلقوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ اساتذہ بھی ان کے خوش اخلاق، باوقار اور مسئلہ حل کرنے والے انداز کو سراہتے ہیں، جبکہ والدین ان کی کوششوں کو اپنے بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے پروفیسر ڈاکٹر ارم اقبال کو اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں، قائدانہ اوصاف اور خدمتِ تعلیم کا جذبہ عطا کیا ہے۔ اگر وہ اسی عزم، دیانت داری اور خلوص کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھتی رہیں تو یقیناً ضلع خوشاب کے سرکاری کالجز مزید ترقی کریں گے، تعلیمی معیار بلند ہوگا اور نوجوان نسل کے لیے کامیابی کے نئے دروازے کھلیں گے۔
آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پروفیسر ڈاکٹر ارم اقبال کو صحت، کامیابی اور مزید خدمتِ تعلیم کی توفیق عطا فرمائے، تاکہ وہ اسی جذبے کے ساتھ ضلع خوشاب میں علم کی شمع روشن رکھیں اور نئی نسل کے روشن مستقبل کی تعمیر میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہیں۔