November 18, 2026

*مفتی محمد تقی عثمانی کا فتویٰ*

IMG-20260713-WA0131

*مفتی محمد تقی عثمانی کا فتویٰ*

امام احمد بن حنبل کی رائے یہ تھی کہ اگر کسی کو نکسیر آجائے یا وہ حجامہ کروالے تو اس کا وضو ٹوٹ جاتا ہے۔
ایک شخص ان سے پوچھنے لگا: اگر تمہارا امام ایسا ہو جس کے جسم سے خون نکلا ہو، لیکن اس نے پھر بھی وضو دوبارہ نہ کیا ہو، تو کیا تم ایسے امام کے پیچھے نماز پڑھ لو گے؟
امام احمد بن حنبل نے جواب دیا: میری کیا مجال کہ میں امام مالک اور امام سعید بن مسیب کے پیچھے نماز نہ پڑھوں؟ (یہ دونوں امام کہتے تھے کہ خون نکلنے سے وضو نہیں ٹوٹتا)
امام شافعی رحمہ اللہ نے ایک بار فجر کی نماز امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کی قبر کے پاس ادا کی۔ آپ نے فجر کی نماز میں دعائے قنوت نہیں پڑھی، حالانکہ امام شافعی کے نزدیک فجر کی نماز میں قنوت پڑھنا سنت موکدہ ہے۔
کسی نے پوچھا تو فرمایا: کیا میں امام ابوحنیفہ کی موجودگی میں بھی ان سے اختلاف کرسکتا ہوں؟ پھر فرمایا: آج میں نے عراق والوں کے مذہب پر عمل کیا تھا۔
ایک بار امام شافعی گھوڑے پر بیٹھ کر کہیں جارہے تھے اور ان کے گھوڑے کی لگام امام احمد بن حنبل نے پکڑی ہوئی تھی اور پیدل ساتھ ساتھ چل رہے تھے۔ کسی نے دیکھ کر ان کے بیٹے سے کہا: تمہارے والد کو شرم نہیں آئی؟
امام احمد کے بیٹے صالح نے جاکر عرض کردیا۔ یہ سن کر امام احمد نے جواب دیا: انہیں جاکر کہو کہ اگر تم بھی علم میں مہارت حاصل کرنا چاہتے ہو تو آؤ اور دوسری طرف سے لگام پکڑ کر امام شافعی کی سواری کے ساتھ ساتھ چلو۔ (ادب الاختلاف فی الاسلام، طہ جابر حلوانی، ص:116 ومابعد)
یونس بن عبدالاعلی الصدفی اپنے زمانے کے بڑے عالم دین تھے۔ ایک دن ان کی ملاقات امام شافعی سے ہوئی اور کسی مسئلے پر بحث و مناظرہ شروع ہوگیا۔
کافی دیر گفتگو ہوئی اور اس کے بعد دونوں جدا ہوگئے۔
اس کے بعد ایک دن دونوں سرراہ مل گئے۔ امام شافعی نے یونس بن عبدالاعلی کا ہاتھ پکڑ کر فرمایا: کیا یہ بہتر نہیں ہوگا کہ اگرچہ ایک مسئلے میں ہمارا اختلاف، اس کے باوجود ہم بھائی بھائی بن کر رہیں؟!
ایک بار امام احمد بن حنبل اور امام علی بن مدینی کی ملاقات ہوئی۔ دونوں کی ایک مسئلے پر بحث ہوئی اور آوازیں بلند ہوگئیں۔ دیکھنے والوں کو خطرہ ہوا کہ کہیں دونوں بزرگوں کے درمیان کدورت نہ پیدا ہوجائے۔
بات چیت کافی دیر جاری رہی اور جب علی بن مدینی اپنے گھوڑے پر سوار ہوکر واپس جانے لگے تو امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے ان کے گھوڑے کی لگام پکڑ لی۔ (ادب الاختلاف، شیخ عوامہ، ص:81)

علمی اختلاف ہر دور میں ہوتا رہا ہے، اس اختلاف کو باہم لڑائی اور گالم گلوچ تک پہنچانا برا ہے۔
حضرت شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی اسلامک فائنانس اور فقہ اسلامی کے عبقری عالم دین ہیں ۔
ان کی کسی فقہی رائے سے اہل علم اختلاف تو ضرور کرسکتے ہیں، مگر ان کی ذات گرامی کو طعن و تشنیع کا نشانہ بنانا ہرگز مناسب طرز عمل نہیں ۔

مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم کے لیے اکنامکس کا موضوع کوئی نیا نہیں، نہ ہی فقہی میدان میں ان کی مہارت کسی سے ڈھکی چھپی ہے، وہ ورلڈ اکنامک فورم پر بات کرنے والے شاید دنیا کی تاریخ کے واحد مفتی ہوں گے۔
لیکن اس تمام تر عبقریت کے باوجود وہ اللہ کے عاجز بندے ہیں، جنہوں نے اپنی رائے کو کبھی حرف آخر نہیں سمجھا۔
انہوں نے متعدد بار اپنی رائے سے رجوع کیا ہے۔
کرنسی نوٹ کے بارے میں ان کا رجوع ابھی سامنے ہی کی بات ہے جب ان کی رائے تھی کہ امام محمد رحمہ اللہ کی رائے کی بنیاد پر ایک ملک کی کرنسی کے باہم لین دین میں کمی بیشی جائز نہیں، لیکن یک طرفہ ادھار ہوسکتا ہے۔ اس رائے کے خلاف جب ان تک کسی نے حضرت مفتی رشید احمد لدھیانوی رحمہ اللہ کا فتوی پہنچایا تو آپ نے نہ صرف اپنی رائے سے رجوع کرلیا بلکہ اس رجوع کو ہرجگہ شائع بھی کروادیا کہ ایک ملک کی کرنسی کے باہم لین دین میں بھی ربا کی علت اتحاد جنس پائی جاتی ہے، لہذا اس صورت میں یک طرفہ ادھار بھی ناجائز ہے۔

کرپٹو کرنسی ابھی تحقیق کے مراحل میں ہے، پاکستان سمیت بہت سے ممالک اسے دیکھ رہے ہیں، حالات کا تجزیہ کررہے ہیں اور پھونک پھونک کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان کے اکثر بلکہ شاید تمام ہی دارالافتاء اب تک اس کے جواز کا فتوی نہیں دے سکے، بہت سے علمائے کرام، مفتیان کرام اور عالمی ادارے اس کے جواز کے قائل بھی ہیں، آپ کو جس کی رائے مضبوط لگتی ہے، اس پر عمل کرسکتے ہیں۔

https://whatsapp.com/channel/0029VaDEkW047Xe8IUIpit1J

مجھے اچھی طرح یاد ہے جب بائنانس کے اکاونٹس ہولڈرز پر چھاپے پڑ رہے تھے، آج وقت بدلا ہے اور کرپٹو کاؤنسل بن گئی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ حالات بدلیں گے تو فتوی بھی بدل جائے گا۔
حضرت شیخ الاسلام کی ذات گرامی سے کرپٹو کاؤنسل رہنمائی لے اور ان تک جدید ترین تیکنیکی معلومات پہنچاتی رہے تو بہت کچھ نیا سامنے آسکتا ہے۔
فتوی کوئی الہام نہیں ہوتا، یہ زمینی حقائق کے تجزیے پر مبنی ایک فقیہ کی رائے ہوتی ہے، جس پر وہ خدا کے دربار میں جواب دہ ہوتا ہے۔
ہماری نئی نسل کو جاننا ہوگا کہ انہیں خوش کرنے اور سوشل میڈیا پر واہ واہ کمانے کے بجائے اس عظیم امانت کی پاسداری کرنے والے ایک عظیم مفتی کی قدر کریں
کہ ان کے بعد
ڈھونڈو گے اگر ملکوں ملکوں
ملنے کے نہیں، نایاب ہیں ہم

اللہ تعالی حضرت شیخ الاسلام دامت برکاتہم کو عمر نوح عطا فرمائے، آمین