8

قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی آغا خان یونیورسٹی ہسپتال آمد، ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی عیادت

قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی آغا خان یونیورسٹی ہسپتال آمد، ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی عیادت

دورے کے دوران قائمقام چیئرمین سینیٹ نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔

کراچی(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کراچی میں آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کا دورہ کیا اور تیزاب گردی کے افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی عیادت کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی۔دورے کے دوران قائمقام چیئرمین سینیٹ نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ اس مشکل گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیدال خان نے خواتین کے خلاف ہر قسم کے تشدد، خصوصاً تیزاب گردی جیسے گھناؤنے جرائم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وحشیانہ اقدامات ایک مہذب معاشرے میں کسی صورت قابل قبول نہیں اور یہ انسانی وقار اور بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔حوصلہ افزائی اور اظہارِ یکجہتی کے طور پر قائمقام چیئرمین سینیٹ نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو پھولوں کا گلدستہ اور تحائف پیش کیے۔ انہوں نے ان کی جرات، استقامت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس آزمائش میں تنہا نہیں ہیں بلکہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔سیدال خان نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر ہونے والے حملے کو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حملہ آور اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے اور متاثرہ خاندان کو انصاف مل چکا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے مسلسل چوکسی اور قانون پر مؤثر عمل درآمد ناگزیر ہے۔قائمقام چیئرمین سینیٹ نے ہسپتال انتظامیہ سے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی صحت اور علاج معالجے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی حاصل کی۔ انہوں نے ہسپتال کے طبی عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو سراہا۔دورے کے اختتام پر سیدال خان نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اس مشکل وقت میں ان اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں