9

بخدمت جناب صوبائی وزیر بلدیات سندھ

بخدمت
جناب صوبائی وزیر بلدیات سندھ
محترمہ صبا تالپور صاحبہ، ایم این اے عمرکوٹ
محترم امیر علی شاہ صاحب، ایم پی اے عمرکوٹ
محترم نوید الرحمٰن لاڑک ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ
محترم سیف اللہ سراج سومرو صاحب چیئرمین میونسپل کمیٹی عمرکوٹ

موضوع: میونسپل کمیٹی عمرکوٹ کے ڈیلی ویجز و کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور غیر قانونی کٹوتیوں کے خاتمے کے متعلق درخواست

جناب عالی!
مودبانہ گزارش ہے کہ میونسپل کمیٹی عمرکوٹ میں صفائی عملہ، دفتری معاون، چوکیدار، خاکروب اور دیگر ڈیلی ویجز و کنٹریکٹ بنیادوں پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کو ماہانہ تقریباً 24 ہزار روپے تنخواہ دی جا رہی ہے، جبکہ حکومتِ سندھ کی جانب سے وقتاً فوقتاً تنخواہوں میں اضافہ کیا جاتا رہا ہے اور صوبے کے دیگر اضلاع میں سرکاری مقررہ تنخواہیں ادا کی جا رہی ہیں۔ انتہائی افسوس کے ساتھ عرض ہے کہ ضلع عمرکوٹ وہ واحد ضلع معلوم ہوتا ہے جہاں غریب ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 ہزار روپے تک کٹوتی کر کے ادائیگی کی جاتی ہے۔ یہ ملازمین دن رات سخت محنت کرتے ہیں، شہر کی صفائی اور عوامی خدمات کی انجام دہی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، مگر موجودہ تنخواہ میں وہ اپنے اہل خانہ کی بنیادی ضروریات بھی پوری کرنے سے قاصر ہیں۔ مہنگائی کے اس دور میں 24 ہزار روپے ماہانہ میں گھر کا چولہا جلانا، بچوں کی تعلیم، علاج معالجہ اور دیگر اخراجات پورے کرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔ لہٰذا آپ سے پرزور اپیل ہے کہ میونسپل کمیٹی عمرکوٹ کے تمام ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہیں حکومتِ سندھ کے مقرر کردہ معیار کے مطابق فوری طور پر بڑھائی جائیں۔ تنخواہوں میں کی جانے والی غیر قانونی کٹوتیوں کا نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے صفائی عملہ، دفتری معاون، چوکیداروں، خاکروب، اور دیگر محنت کش ملازمین کو ان کا مکمل حق دیا جائے تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں۔ امید ہے کہ آپ غریب اور محنت کش ملازمین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اور مثبت اقدامات فرمائیں گے۔

درخواست گزار
ڈاکٹر ایم لال واگھانی
بیورو چیف دعا آن نیوز صوبہ سندھ
اور عمرکوٹ کی باشعور عوام و سماج سدھار

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں