October 29, 2026

سیلابی صورتحال اور غیر قانونی کشتی رانی سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ چارسدہ کا ہنگامی اجلاس

IMG-20260708-WA0136

سیلابی صورتحال اور غیر قانونی کشتی رانی سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ چارسدہ کا ہنگامی اجلاس۔

ضلعی انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر الرٹ رہے۔ڈپٹی کمشنر چارسدہ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر

پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ڈپٹی کمشنر چارسدہ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کی سربراہی میں ضلع بھر میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے فوری اور مؤثر انداز میں نمٹنے کے حوالے سے ایک غیر معمولی ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) چارسدہ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز، محکمہ ایریگیشن، لوکل گورنمنٹ، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) نے شرکاء کو دریاؤں اور نہروں کی موجودہ صورتحال، دریاؤں کے کناروں پر قائم غیر قانونی تجاوزات، غیر قانونی کشتی رانی، حساس مقامات، ریسکیو پوائنٹس، ہنگامی مشینری اور امدادی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چارسدہ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر الرٹ رہے اور تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے دریاؤں کے کناروں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی، غیر قانونی کشتی رانی پر مکمل پابندی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر چارسدہ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے مزید ہدایت کی کہ تمام ریسکیو پوائنٹس پر عملہ، کشتیوں، لائف جیکٹس اور دیگر ضروری ریسکیو آلات کی دستیابی ہر وقت یقینی بنائی جائے، جبکہ حساس اور نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل دیا جا سکے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو واضح ہدایات دیں کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام محکمے باہمی رابطے، مربوط حکمت عملی اور ہمہ وقت تیاری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران غیر ضروری طور پر دریاؤں، نہروں اور برساتی نالوں کا رخ نہ کریں، انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 یا ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ضلعی انتظامیہ چارسدہ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔