سکھر روھڑی کے گردونواں میں ایل پی جی مافیا کی من مانی، ناجائز منافع خوری اور ضلعی انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 243 روپے فی کلو مقرر کیے جانے کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں گھریلو گیس 460 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جس سے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو مزید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شہریوں، سماجی تنظیموں اور تاجر برادری نے ڈپٹی کمشنر سکھر، اسسٹنٹ کمشنر سکھر، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اوگرا کی مقررہ قیمتوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور غیرقانونی طور پر ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔شہریوں کے مطابق سکھر کے مختلف محلوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں ایل پی جی کی قیمتوں پر کسی قسم کا مؤثر کنٹرول موجود نہیں۔ دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں، جبکہ سرکاری ریٹ پر عمل درآمد کرانے اور قیمتوں کی نگرانی کے ذمہ دار عملے کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر دکھائی دیتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اس اہم ضرورت کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے سے غریب اور متوسط طبقہ شدید معاشی دباؤ کا شکار ہو گیا ہے۔شہریوں نے الزام عائد کیا کہ سکھر۔شکارپور روڈ پر متعدد غیرقانونی ایل پی جی سیل پوائنٹس اور ریفلنگ سینٹرز قائم ہیں، جہاں حفاظتی انتظامات کے بغیر گیس سلنڈرز میں ریفلنگ کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ غیرقانونی سرگرمیاں کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ موجود ہے۔ادھر نیو تعلقہ سکھر کے مختلف علاقوں میں بھی ٹھیلوں، کھوکھوں اور عارضی دکانوں میں ایل پی جی کی غیرقانونی فروخت بلاخوف و خطر جاری ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر سمیت ضلعی انتظامیہ کو متعدد بار اس صورتحال سے آگاہ کیا گیا، مگر تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس کے باعث غیرقانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے حوصلے مزید بلند ہو گئے ہیں۔سماجی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اوگرا کے مقررہ نرخوں پر سختی سے عمل درآمد نہ کرایا گیا اور غیرقانونی ایل پی جی مراکز کے خلاف فوری کارروائی نہ کی گئی تو ناجائز منافع خوری میں مزید اضافہ ہوگا اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر شہر بھر میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے غیرقانونی ایل پی جی دکانوں اور ریفلنگ سینٹرز کو سیل کرے، ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج کیے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کی مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے تاکہ شہریوں کو اوگرا کے مقررہ سرکاری نرخ پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
مقبول خبریں
نیوز لیٹر میں شمولیت
تازہ ترین خبریں روزانہ اپنے میل باکس میں حاصل کرنے کے لیے ہمارے نیوز لیٹر میں سبسکرائب کریں۔ بے فکر رہیں، ہمیں بھی سپیمنگ سے نفرت ہے!
[contact-form-7 id="287" title="subscribe"]اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں
مزید پڑھیں
مقبول خبریں
نیوز لیٹر میں شمولیت
تازہ ترین خبریں روزانہ اپنے میل باکس میں حاصل کرنے کے لیے ہمارے نیوز لیٹر میں سبسکرائب کریں۔ بے فکر رہیں، ہمیں بھی سپیمنگ سے نفرت ہے!
[contact-form-7 id="287" title="subscribe"]