6

اساتذہ کرام کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ: معیاری تعلیم کی جانب ایک مؤثر قدم

اساتذہ کرام کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ: معیاری تعلیم کی جانب ایک مؤثر قدم

خصوصی تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف

کسی بھی قوم کی ترقی کا راز اس کے تعلیمی نظام میں پوشیدہ ہوتا ہے، اور تعلیمی نظام کی کامیابی کا انحصار اساتذہ کرام کی صلاحیتوں، تربیت اور دستیاب تعلیمی وسائل پر ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت پنجاب محکمہ سکول ایجوکیشن کے ذریعے اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور ابتدائی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
ضلع خوشاب میں ڈی ای او ایلیمنٹری سکولز فیض الحسن ملک اور ڈپٹی ڈی ای او تحصیل نورپور تھل ظہیر عباس بھٹی کی سرپرستی میں ای سی سی ای اساتذہ کرام میں ایکٹیویٹی بکس اور ٹیچرز لرننگ میٹریل کی تقسیم اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ اس مہم کا مقصد ابتدائی جماعتوں کے بچوں کو کھیل، سرگرمیوں اور جدید تدریسی انداز کے ذریعے بہتر اور مؤثر تعلیم فراہم کرنا ہے۔
گورنمنٹ پرائمری سکول عیدگاہ نورپور تھل میں اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ملک محمد امتیاز نسیم نے اساتذہ کرام میں تدریسی مواد تقسیم کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ جدید تعلیمی وسائل اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں اور بچوں کے لیے سیکھنے کے عمل کو زیادہ دلچسپ، آسان اور نتیجہ خیز بناتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پورے پروگرام کی کامیابی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سی ای او ایجوکیشن آفس جوہرآباد محمد قاسم اور کلرک محمد ذیشان کی انتھک محنت اور بھرپور تعاون قابلِ تحسین ہے۔
ابتدائی تعلیم کسی بھی بچے کی شخصیت کی تعمیر کی بنیاد ہوتی ہے۔ اگر اس مرحلے پر بچوں کو معیاری، تخلیقی اور سرگرمیوں پر مبنی تعلیم فراہم کی جائے تو وہ مستقبل میں بہتر صلاحیتوں کے حامل شہری بن کر ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اسی لیے ای سی سی ای پروگرام کو عالمی سطح پر بھی جدید تعلیم کا بنیادی ستون تصور کیا جاتا ہے۔
یہ امر خوش آئند ہے کہ ضلع خوشاب میں تعلیمی افسران صرف انتظامی امور تک محدود نہیں بلکہ عملی طور پر تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے میدان میں موجود ہیں۔ اساتذہ کرام کو جدید تدریسی وسائل کی فراہمی اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اور محکمہ تعلیم معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے سنجیدہ ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ اساتذہ کرام بھی ان وسائل سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنی تدریسی مہارتوں میں مزید نکھار پیدا کریں اور بچوں میں تخلیقی سوچ، تحقیق کا جذبہ اور سیکھنے کا شوق بیدار کریں۔ جب اساتذہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں گے تو طلبہ کی کارکردگی بھی نمایاں طور پر بہتر ہوگی۔
بلاشبہ، تحصیل نورپور تھل میں ای سی سی ای ٹیچرز کے لیے ایکٹیویٹی بکس اور ٹیچرز لرننگ میٹریل کی تقسیم کا یہ سلسلہ صرف سامان کی فراہمی نہیں بلکہ معیاری، جدید اور پائیدار تعلیمی نظام کی تعمیر کی جانب ایک اہم اور قابلِ تحسین قدم ہے، جس کے مثبت اثرات آنے والے برسوں میں ضلع خوشاب کی تعلیمی ترقی کی صورت میں نمایاں ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں