27

عمرکوٹ رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی عمرکوٹ: خستہ حال اسکول کی دیوار گرنے سے 3

عمرکوٹ رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی
عمرکوٹ: خستہ حال اسکول کی دیوار گرنے سے 3 معصوم بچیاں جاں بحق، واقعے پر شدید غم و غصہ
تفصیلات کے مطابق
عمرکوٹ کے گاؤں گموری میں ایک افسوسناک سانحہ پیش آیا، جہاں خستہ حال اسکول کی دیوار اچانک گرنے سے تین معصوم بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق بچیاں اسکول کے قریب واقع مدرسے میں دینی تعلیم حاصل کرنے گئی تھیں کہ اسی دوران دیوار منہدم ہوگئی اور وہ ملبے تلے دب گئیں۔
جاں بحق ہونے والی بچیوں کی شناخت 6 سالہ صغرہ بنت ابوبکر، 13 سالہ رائیبہ بنت فاروق اور 3 سالہ کنیزہ بنت عبدالصمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور بچیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال عمرکوٹ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ بعد ازاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف میرپورخاص ڈویژن کے صدر آفتاب قریشی نے اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ سندھ حکومت اور محکمہ تعلیم کی مبینہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی اعلیٰ سطحی اور شفاف عدالتی تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری انصاف، مناسب مالی معاوضہ اور ہر ممکن حکومتی معاونت فراہم کی جائے۔
یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر سرکاری تعلیمی اداروں کی خستہ حال عمارتوں کی حالت، حفاظتی انتظامات اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں پر سنجیدہ سوالات اٹھا رہا ہے۔
جب کے دوسری جانب سائیں سردار شاہ نے اس افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں