11

خوشاب (راجہ نورالٰہی عاطف سے) عاشورہ محرم الحرام کے دوران ضلع خوشاب میں بہترین سیکیورٹی

خوشاب (راجہ نورالٰہی عاطف سے) عاشورہ محرم الحرام کے دوران ضلع خوشاب میں بہترین سیکیورٹی، مثالی انتظامات اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے پر عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور امن کمیٹیوں کی کارکردگی کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔
شہریوں نے بالخصوص ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہاں زیب حسین لابر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر عمارہ شیرازی کی مؤثر قیادت، بروقت فیصلوں اور مربوط حکمتِ عملی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے، جس کے باعث ضلع بھر میں تمام جلوس اور مجالس انتہائی پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوئیں۔
عوامی و سماجی شخصیات نے امن کمیٹیوں، علمائے کرام، منتظمینِ جلوس و مجالس، ریسکیو اداروں، بلدیاتی عملے اور دیگر متعلقہ محکموں کے تعاون کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا اور کہا کہ تمام اداروں نے اتحاد، بھائی چارے اور قومی ذمہ داری کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔
دریں اثنا، تحصیل نورپور تھل میں بھی اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ہارون احمد شیراز کی زیرِ نگرانی کیے گئے مثالی انتظامات کو بھرپور سراہا گیا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے کہا کہ تحصیل انتظامیہ نے جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر صفائی، روشنی، پینے کے پانی، طبی سہولیات اور سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات بہترین انداز میں مکمل کیے، جس سے عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
شہریوں نے حکومت پنجاب، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی جذبے، نظم و ضبط اور باہمی تعاون کے ساتھ عوام کی خدمت اور امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں