طارق عزیز مرحوم کی چھٹی برسی اور اہلیہ حاجرہ طارق عزیز
پاکستان کے نامور میزبان، دانشور اور لیجنڈری شخصیت طارق عزیز مرحوم کی چھٹی برسی کے موقع پر الحمرا پنجابی کمپلیکس لاہور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شوبز، ادبی اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کی خاص بات طارق عزیز مرحوم کی اہلیہ محترمہ حاجرا طارق عزیز کی شرکت تھی، جنہوں نے اپنے مرحوم شوہر کے حوالے سے نہایت محبت بھرے اور جذباتی خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ طارق عزیز نہ صرف ایک عظیم فنکار اور مقبول عوامی شخصیت تھے بلکہ نجی زندگی میں بھی انتہائی بااخلاق، محبت کرنے والے، اصول پسند اور انسان دوست انسان تھے۔
حاجرہ طارق عزیز نے اپنی گفتگو میں طارق عزیز کے ساتھ گزرے خوبصورت لمحات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ علم، ادب اور اخلاقی اقدار کو اہمیت دیتے تھے۔ ان کی شخصیت میں عاجزی، شائستگی اور دوسروں کے لیے احترام نمایاں تھا، یہی خوبیاں انہیں لاکھوں دلوں میں آج بھی زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
تقریب کے شرکاء نے بھی طارق عزیز مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ثقافتی اور میڈیا تاریخ میں ان کا نام ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
چھ سال گزر جانے کے باوجود طارق عزیز مرحوم کی یادیں آج بھی ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں تازہ ہیں۔ ان کی آواز، ان کا اندازِ گفتگو اور ان کی علمی و ادبی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔