سکھر کے معروف بلڈر اعجاز علی بلوچ کی ایف بی آر کارروائی اور سوشل میڈیا ٹرائل کے خلاف پریس کانفرنس
سکھر کے معروف بلڈر اعجاز علی بلوچ کی ایف بی آر کارروائی اور سوشل میڈیا ٹرائل کے خلاف پریس کانفرنس
روھڑی رپورٹ (سلمان ملک لو کو شیڈ سے خبر دے رھے ھیں) سکھر کے معروف بلڈر اور کاروباری شخصی ت اعجاز علی بلوچ نے ایف بی آر کی مبینہ غیر قانونی کارروائی اور سوشل میڈیا پر جھوٹی پوسٹوں کے ذریعے کردار کشی کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گزشتہ 70 سال سے سکھر میں رہتے ہیں اور کاروبار بھی کرتے ہیں جبکہ شہر کے ایک ذمہ دار شہری اور باقاعدہ ٹیکس دہندہ ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز علی بلوچ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ ایف بی آر کی جانب سے بغیر کسی پیشگی نوٹس کے ان کے دفتر پر کارروائی کی گئی اور اہم ریکارڈ سمیت ضروری دستاویزات اٹھا کر لے جائی گئیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے ان کے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد پوسٹیں چلائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھر کا بچہ بچہ انہیں جانتا ہے اور شہر کے عوام اس بات سے واقف ہیں کہ وہ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں اور انہوں نے آج تک کوئی غیر قانونی یا بدعنوانی پر مبنی کام نہیں کیا جس پر انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے۔
اعجاز علی بلوچ نے کہا کہ ایف بی آر کی مبینہ ناجائز کارروائیوں کو انہوں نے سندھ ہائی کورٹ کراچی میں چیلنج کیا، جہاں عدالت نے ان کے حق میں حکم جاری کرتے ہوئے اٹھایا گیا ریکارڈ واپس کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے اور امید ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ان کا ریکارڈ واپس مل جائے گا، جس کے بعد گزشتہ سوا ماہ سے بند کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو سکیں گی۔
انہوں نے سکھر کے شہریوں، تاجروں اور دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جن افراد نے سوشل میڈیا پر ان کے خلاف جھوٹی پوسٹیں چلائیں، انہیں شہر کے لوگوں نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا، جس پر وہ سب کے انتہائی مشکور ہیں۔
اعجاز علی بلوچ نے مزید کہا کہ ایسے منفی ہتھکنڈے استعمال کرنے والے افراد کے خلاف انہوں نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں بھی شکایت درج کروا دی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قانون کے مطابق کارروائی ہوگی اور ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے گا۔