ممتاز ماہرِ تعلیم امام بخش فاروقی کی علمی و انتظامی خدمات
خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
گورنمنٹ اقبال ہائی سکول سرگودھا کے سینئر ہیڈ ماسٹر، ممتاز ماہرِ تعلیم جناب امام بخش فاروقی حال ہی میں اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہو گئے ہیں۔ محکمۂ تعلیم کے لیے ان کی گراں قدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وہ نہایت منکسرالمزاج، مدبر، مخلص، پروقار، بردبار، معاملہ فہم اور ہر دلعزیز شخصیت کے مالک ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں غیر معمولی انتظامی صلاحیتوں سے نوازا، جنہیں انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں بھرپور انداز میں بروئے کار لایا۔
امام بخش فاروقی نے طویل عرصے تک گورنمنٹ اقبال ہائی سکول سرگودھا کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ان کی قیادت میں ادارے نے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور ضلع بھر میں ایک ممتاز مقام حاصل کیا۔ ادارے کی ترقی، نظم و ضبط اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے ان کی شبانہ روز محنت قابلِ ستائش اور لائقِ تحسین ہے۔
انہوں نے اپنی اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں اور تدبر کے ذریعے تدریسی و غیر تدریسی عملے کے تعاون سے اس علمی درسگاہ کو ترقی کی نئی منازل سے ہمکنار کیا۔ ان کی قیادت میں سکول نہ صرف تعلیمی میدان میں کامیابیاں سمیٹتا رہا بلکہ طلبہ کی کردار سازی اور اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی رہی۔
اللہ تعالیٰ نے انہیں دینی اقدار سے مزین شخصیت عطا فرمائی۔ وہ ہمیشہ اپنے شاگردوں کی ہمہ جہت تعلیم و تربیت کے لیے کوشاں رہے اور انہیں علم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاق اور اسلامی تعلیمات سے آراستہ کرنے کی کوشش کرتے رہے۔
راقم کو کچھ عرصہ قبل گورنمنٹ اقبال ہائی سکول سرگودھا کے دورے کے دوران امام بخش فاروقی صاحب سے ملاقات اور خصوصی نشست کا موقع ملا۔ اس ملاقات میں ان کے اسلامی تعلیمات سے مزین خیالات، تعلیم سے محبت اور ادارے کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی سنجیدہ سوچ نے انتہائی متاثر کیا۔ انہوں نے گفتگو کے دوران بتایا کہ بطور ہیڈ ماسٹر ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سے وہ اپنے محنتی اور فرض شناس عملے کے تعاون سے ادارے کی بہتری اور ترقی کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ادارے کو مزید ترقی و کامیابیوں سے نوازے گا۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ امام بخش فاروقی نے گورنمنٹ اقبال ہائی سکول سرگودھا کے سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تحت طلبہ و طالبات کی مختلف تربیتی ورکشاپس کی ذمہ داریاں بھی احسن انداز میں سرانجام دیں۔ انہوں نے ان فرائض کو نہایت دیانت داری، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ نبھایا اور اس حوالے سے بھی قابلِ تحسین خدمات انجام دیں۔
آج ان کی ریٹائرمنٹ پر تعلیمی، سماجی اور علمی حلقے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کی پوری پیشہ ورانہ زندگی علم، عمل، دیانت داری اور خدمتِ خلق سے عبارت رہی ہے۔
ہم اللہ رب العزت کے حضور دعا گو ہیں کہ وہ امام بخش فاروقی اور ان کے اہلِ خانہ کو ہمیشہ اپنی حفظ و امان میں رکھے، انہیں صحت، تندرستی، سکونِ قلب اور دائمی خوشیوں سے نوازے اور ان کی علمی و تعلیمی خدمات کو صدقۂ جاریہ بنائے۔ آمین۔