15

عمرکوٹ رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی کنری پنجاب کے سابق رکن صوبائی اسمبلی اور پاکستان راہِ حق پارٹی کے مرکزی رہنما مولانا معاویہ اعظم طارق

عمرکوٹ رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی کنری پنجاب کے سابق رکن صوبائی اسمبلی اور پاکستان راہِ حق پارٹی کے مرکزی رہنما مولانا معاویہ اعظم طارق نے کنری میں “ندیم باجوہ ہاؤس” پر اہلسنت والجماعت ضلع عمرکوٹ کے صدر مولانا ولی محمد چانڈیو،تعلقہ صدر حافظ محمد نعیم ہاشمی،اہلسنت والجماعت کے رہنما ندیم باجوہ و کارکنان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حضرت عمرؓ کے یومِ شہادت پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب قانون کمزور ہوتا ہے تو جرائم میں اضافہ ہوتا ہے اور بدقسمتی سے پاکستان میں قانون کی کمزوری کے باعث مختلف مسائل جنم لے رہے ہیں۔
مولانا معاویہ اعظم طارق نے کہا کہ اہلِ بیتؓ اور صحابہ کرامؓ ہمارے ایمان کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سینیٹ میں 8 اگست 2023 کو منظور کیے گئے قانون کا تاحال گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، جس کے باعث گستاخی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون پر مؤثر عملدرآمد ممکن نہیں ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے اس بل کی حمایت کی تھی اور اس وقت آصف علی زرداری ملک کے صدر ہیں اس کے باوجود مذکورہ بل کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بل کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے تاکہ گستاخی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ماہ محرم کے آتے ہی ملک میں ایک سازش کے تحت صحابہ کرام کیخلاف گستاخیوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے جس سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوتی ہے حکومت فوری طور پر ان واقعات کو سختی سے روکے،انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو جواز بنا کر پاکستانی حکمران عوام پر نئے اور پرانے بقایاجات کا بوجھ ڈالنا چاہتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ عالمی حالات کا جتنا اثر پاکستان پر پڑتا ہے، اتنا شاید کسی اور ملک پر نہیں پڑتا، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فوری ریلیف فراہم کرے اور مزید بوجھ ڈالنے سے گریز کرے۔مولانا معاویہ اعظم طارق نے کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کا مؤقف ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ان کے ساتھ تحریری معاہدہ کیا تھا کہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر انتخابات نہیں کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور کشمیری عوام کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صورتحال پہلے ہی تشویشناک ہے، اس لیے کشمیر میں نیا محاذ کھولنے کے بجائے بات چیت کے ذریعے معاملات کو حل کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقت اور شدت کے استعمال سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔انہوں نے سندھ کی ترقی کے حوالے سے کہا کہ سندھ ایک زرعی اور زرخیز صوبہ ہے صوبے میں صرف سڑکوں کی تعمیر کافی نہیں، بلکہ سندھ کے عوام کے لیے صنعتی زونز قائم کیے جانے چاہییں تاکہ بے روزگاری میں کمی لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری اپنے عروج پر ہے، لہٰذا سندھ حکومت کو آئندہ بجٹ میں عوام کو وسیع پیمانے پر روزگار کی فراہمی کو ترجیح دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ مہمان نواز اور محبت کرنے والے لوگ ہیں ان سے بہت متاثر ہوا ہوں،پریس کانفرنس کے اختتام پر مولانا معاویہ اعظم طارق نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل، معاشی استحکام اور قانون کی بالادستی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں