بھوانہ: 7 سالہ معصوم بچی سے مبینہ زیادتی، مقدمہ درج، پولیس کی کارروائی شروعبھوانہ (نیوز رپورٹر): تھانہ بھوانہ کے علاقے موضع سلیمان میں 7 سالہ معصوم بچی سے مبینہ طور پر زیادتی کا انتہائی تشویشناک واقعہ سامنے آیا ہے۔
🙏
پولیس نے متاثرہ بچی کے والد کی درخواست پر فوری طور پر مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق موضع سلیمان کے رہائشی اور پیشے سے محنت کش غلام شبیر کھرل نے بتایا کہ 6 جون کو ان کی اہلیہ پڑوس میں ایک فوتگی پر گئی ہوئی تھیں اور ان کی 7 سالہ بیٹی گھر میں اکیلی تھی۔ دن کے تقریباً 11 بجے موقع پا کر پڑوس کا 18 سے 19 سالہ نوجوان فیصل گھر میں گھس آیا اور معصوم بچی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ اسی دوران جب بچی کا چچا گھر پہنچا تو اسے بچی کے رونے کی آوازیں آئیں، اندر جا کر دیکھنے پر ملزم گھناؤنی حرکت میں مصروف پایا گیا۔
چچا کے شور مچانے پر اہل محلہ اور قریبی رشتہ دار موقع پر جمع ہو گئے اور ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی، تاہم ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔واقعہ کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر دی گئی، جس پر مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ تھانہ بھوانہ پولیس کے مطابق سائل کی درخواست پر فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ بچی کو تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو (THQ) ہسپتال بھوانہ منتقل کیا گیا تھا، جہاں حالت زیادہ خراب ہونے اور طبی سہولیات کی کمی کے باعث اسے ڈی ایچ کیو (DHQ) ہسپتال چنیوٹ ریفر کر دیا گیا۔
متاثرہ بچی کے والد نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم بااثر ہے، اس لیے انہیں خدشہ ہے کہ انصاف کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ دوسری جانب عوامی و سماجی حلقوں نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرتی صورتحال اس حد تک گر چکی ہے کہ بچے اب اپنے گھروں کے اندر بھی محفوظ نہیں رہے۔