9

نورپور تھل (راجہ نورالہی عاطف سے) محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور مجالس و جلوسوں کے

نورپور تھل (راجہ نورالہی عاطف سے) محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور مجالس و جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی اور ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے اسسٹنٹ کمشنر نورپور تھل ڈاکٹر ہارون شیراز اور ستھرا پنجاب پروگرام کے متعلقہ افسران کے ہمراہ نورپور شہر میں مرکزی جلوس کے روٹس، گلیوں اور اہم مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران افسران نے جلوسوں کے راستوں، صفائی ستھرائی، سیکیورٹی انتظامات، اسٹریٹ لائٹس، تجاوزات اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی کہ جلوس کے راستوں میں حائل تمام رکاوٹیں، تجاوزات اور دیگر مسائل کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور مجالس و جلوسوں کا انعقاد پرامن اور بلا تعطل ممکن بنایا جا سکے۔
ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر مؤثر نگرانی اور حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نورپور تھل ڈاکٹر ہارون شیراز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔
شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا برقرار رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں