گرین جرنلزم کانفرنس جمعرات 11 جون کو منعقد ہوگی۔
کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ مہمان خصوصی ہوں گے۔
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام او آئی سی کامسٹیک کے اشتراک سے ‘گرین جرنلزم’ کانفرنس جمعرات 11 جون کو منعقد ہو گی۔کامسٹیک سکیرٹریٹ میں ہونے والی کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ مہمان خصوصی ہوں گے۔ کانفرنس میں معروف صحافی، اینکر پرسنز اور مختلف جامعات کے پروفیسرز اظہار خیال کریں گے۔ محققین ماحولیات اور ماحول دوست میڈیا کے حوالے سے ریسرچ پیپرز پیش کریں گے۔ وائس چانسلر فیڈرل اردو یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری (ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) کے مطابق شعبہ ماس کمیونیکشن کے تحت کامسٹیک کے تعاون سے ہونے والی یہ کانفرنس ایک سنگ میل ثابت ہو گی۔ میڈیا ماحول کے تحفظ کے لیے کیا کردار ادا کر سکتا ہے؟ صحافیوں کی سماجی و ماحولیاتی ذمہ داریاں کیا ہیں؟ ذمہ دار صحافت ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لئے کتںی ضروری ہے؟ اور ماحولیات، جنگلات اور نیچر کے تحفظ کو کیسے یقینی بنایا جا سکتا ہے؟ ان سب موضوعات پہ کانفرنس میں بحث ہو گی۔ مقالے پیش کیے جائیں گے۔ ماہرین ماحولیات اور ملک کے معروف صحافی اظہار خیال کریں گے۔ فیڈرل اردو یونیورسٹی کے سٹوڈنٹس بھی ریسرچ پوسٹرز اور ڈاکومنٹریز کے ذریعے اپنا علمی حصہ ڈالیں گے۔
شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے کامسٹیک کی انتظامیہ، بالخصوص کوارڈینیٹر جنرل ڈاکٹر محمد اقبال چوھدری کا شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کامسٹیک جیسے بین الاقومی ادارے کے ساتھ ملکر کانفرنس کرنا ہمارے طلبہ اور اساتذہ کیلیے اعزاز ہے۔ صاف ماحول ہر شہری کا قدرتی اور پیدائشی حق ہے۔ اور اس کار خیر میں حصہ ڈالنے پر کامسٹیک کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر شنواری نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس پاکستان کی میڈیا انڈسٹری اور میڈیا اکیڈمی کے لیے مشعل راہ ہو گی۔ نان ایشوز اور غیر مصدقہ کانٹنٹ پہ وقت ضائع کرنے کی بجائے صحافت کا ماحولیات کے لیے وقف کیا جانا وقت کی ضرورت ہے۔ اور ہم یہی شعور میڈیا اداروں سمیت تمام شہریوں کو دینا چاہتے ہیں۔ سو گرین جرنلزم کانفرنس ایک شاندار اور بامقصد ایونٹ ثابت ہو گی۔