سکھر بیورو چیف سید۔ عید حسین زیدی کے مطابق
پی ٹی الف سندھ کے انتخابات کے لیے جاری کیے گئے نئے شیڈول کے خلاف محمد رمضان اور عاشق علی کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ بینچ سکھر میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں سیکریٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس سندھ سیکریٹریٹ کراچی، پروونشل اسسٹنٹ رجسٹرار جوائنٹ اسٹاک کمپنیز سندھ کراچی، چیف سیٹیسفیکشن ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس سندھ اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست کی سماعت آئینی بینچ کے روبرو ہوئی، جس میں جسٹس عدنان الکریم میمن اور جسٹس عبدالحامد بھرگڑی شامل تھے۔ سماعت کے دوران درخواست گزار اور ان کے وکلاء مجیب الرحمن ملانو اور نعمت شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ ہائی کورٹ نے آئینی درخواست نمبر 1553/2024 کی سماعت کے بعد پی ٹی الف کے انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا، جس کے تحت 12 نومبر 2024 کو پی ٹی الف سندھ کے انتخابات منعقد کیے گئے تھے۔
وکیل کے مطابق عدالت کے حکم کے تحت انتخابات کے انعقاد کے باوجود اب دوبارہ نیا انتخابی شیڈول جاری کیا گیا ہے، جو عدالتی حکم کی خلاف ورزی اور توہینِ عدالت کے زمرے میں آتا ہے، جبکہ یہ اقدام غیر قانونی بھی ہے۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ جاری کردہ نئے شیڈول کو معطل کیا جائے۔
عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔