سیڑھئی اور کرپاٹ کے مابین تنازعہ پر پولیس کی مؤثر کارروائیاں۔
متعدد افراد گرفتار، فائر بندی اور امن کے قیام کیلئے کوششیں جاری ہے۔دیر بالا پولیس
دیر بالا(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز خان (PSP) کی خصوصی ہدایات پر ایس ڈی پی او سرکل واڑی فخر عالم خان کی نگرانی میں تھانہ صاحب آباد اور تھانہ جاگام پولیس نے ایلیٹ فورس کے ہمراہ سیڑھئی اور کرپاٹ کے مابین جاری تنازعہ کے خاتمے اور فائر بندی کے لیے بھرپور اقدامات کیے۔پولیس نے علاقائی مشران کے ساتھ متعدد ملاقاتیں کرکے فریقین کے درمیان جنگ بندی اور تنازعہ کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات کیے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کی غرض سے خفیہ راستوں پر ناکہ بندیاں بھی قائم کی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران دونوں فریقین سے متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا اور تنازعہ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی قبضہ پولیس میں لے لی گئیں۔علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے حساس مقامات پر پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔ مزید برآں تھانہ واڑی پولیس نے مقدمہ میں دو ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ متعدد افراد کے خلاف حفظ ماتقدم کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔دیر بالا پولیس فریقین کے درمیان مستقل فائر بندی، پائیدار امن کے قیام اور مزید مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔