23

سکھر: شمس آباد کی میونسپل ڈسپنسری میں واٹر فلٹر پلانٹ کا افتتاح، مریضوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا اقدام

سکھر: شمس آباد کی میونسپل ڈسپنسری میں واٹر فلٹر پلانٹ کا افتتاح، مریضوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا اقدام

سکھر(بیورورپورٹ)یونین کمیٹی نمبر 7 (مکی شاہ ٹاؤن) شمس آباد سکھر کے چیئرمین حاجی وزیر علی مہر نے کہا ہے کہ علاقہ مکینوں کو بلدیاتی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونین کمیٹی کے فنڈز سے علاقے کی واحد میونسپل ڈسپنسری میں آنے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو صاف پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے واٹر فلٹر پلانٹ نصب کر دیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی ایچ آئی سینٹر میونسپل ڈسپنسری شمس آباد میں یونین کمیٹی فنڈز سے قائم کیے گئے واٹر فلٹر پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی پی ایچ آئی سینٹر میونسپل ڈسپنسری کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر افضل آرائیں، کونسلرز اختر میمن، زاہد منگریو، آصف علی، عامر علی بھٹو، حزب اللہ مہر، عبدالکریم، عبدالجبار، یوسی اسٹاف، پی پی ایچ آئی سینٹر کے عملے اور علاقے کے معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔چیئرمین حاجی وزیر علی مہر نے کہا کہ پانی اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ڈسپنسری میں نہ صرف یونین کمیٹی نمبر 7 کے رہائشی بلکہ گرد و نواح کے مختلف علاقوں سے بھی روزانہ بڑی تعداد میں مریض علاج و معالجے کے لیے آتے ہیں، جنہیں صاف پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ یونین کمیٹی نے عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے وسائل سے یہ مسئلہ حل کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واٹر فلٹر پلانٹ کی مستقل دیکھ بھال، مرمت اور اس کی فعالیت کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری بھی یونین کمیٹی خود انجام دے گی تاکہ شہریوں کو مسلسل معیاری اور صاف پانی میسر آ سکے۔اس موقع پر ڈسپنسری میں آنے والے مریضوں اور شہریوں نے واٹر فلٹر پلانٹ کے قیام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین حاجی وزیر علی مہر کا شکریہ ادا کیا اور اسے ایک عوام دوست اقدام قرار دیا۔حاجی وزیر علی مہر کا کہنا تھا کہ ان کا وژن عوام الناس کی بلا امتیاز اور بے لوث خدمت ہے، اور مستقبل میں بھی علاقے کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں