سکھر: طوفان اور بارشوں سے متاثرہ گرڈ اسٹیشنز و فیڈرز کی بحالی کا کام تیزی سے جاری، سیپکو
سکھر (بیورورپورٹ)حالیہ شدید طوفان اور بارشوں کے نتیجے میں متاثر ہونے والے گرڈ اسٹیشنز، فیڈرز اور بجلی کے ترسیلی نظام کی بحالی کے لیے سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کی ٹیمیں ہنگامی بنیادوں پر سرگرم عمل ہیں۔ سیپکو حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے فیلڈ اسٹاف دن رات کام کر رہا ہے تاکہ صارفین کو درپیش مشکلات کا جلد ازالہ کیا جا سکے۔سی ای او سیپکو انجنیئر اعجاز چنہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ طوفان اور بارشوں سے متاثرہ گرڈ اسٹیشنز اور فیڈرز کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنوعاقل اور اس سے ملحقہ علاقوں کے متاثرہ گرڈ اسٹیشنز اور فیڈرز کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور امید ہے کہ آج شام یا رات تک ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ لاڑکانہ اور گردونواح میں بجلی کی عارضی بحالی کے لیے سنگل فیز کے ذریعے سپلائی شروع کر دی گئی ہے، تاہم مختلف مقامات پر مرمتی اور بحالی کا کام ابھی بھی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں عارضی بنیادوں پر بجلی کی فراہمی برقرار رکھی جائے گی جبکہ مکمل بحالی کے لیے مزید چند روز درکار ہو سکتے ہیں۔سیپکو حکام کے مطابق شدید طوفان اور بارشوں کے باعث لاڑکانہ ریجن میں 27 سے زائد ہائی ٹرانسمیشن لائنوں کے پول گر گئے تھے، جس کے نتیجے میں بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہائی ٹرانسمیشن لائن کے پولز کی دوبارہ تنصیب ایک پیچیدہ اور وقت طلب عمل ہے، جس کے لیے خصوصی تکنیکی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سی ای او سیپکو انجنیئر اعجاز چنہ نے کہا کہ ادارہ عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور بحالی کے کام میں مصروف تمام ٹیمیں انتہائی محنت اور لگن کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سیپکو کی ہر ممکن کوشش ہے کہ جلد از جلد بجلی کی مکمل فراہمی بحال کر کے صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔دوسری جانب متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے امید ظاہر کی ہے کہ سیپکو کی جانب سے جاری بحالی کا عمل جلد مکمل ہوگا اور بجلی کی مسلسل بندش کے باعث درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔