آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کا فارنزک سائنس لیبارٹری (FSL) حیات آباد کا دورہ۔
فنگر پرنٹس،فائر آرم اینڈبیلسٹکس، نارکوٹکس،سوالیہ دستاویزات ، بائیو لوجیکل ایگزامینیشن اور دیگر جدید فارنزک شعبہ جات کا معائنہ کیا۔
پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے آج حیات آباد میں قائم فارنزک سائنس لیبارٹری (FSL) کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے لیبارٹری کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے سائنسی خطوط، تفتیشی صلاحیتوں، جدید آلات اور جاری فارنزک تجزیاتی عمل کاتفصیلی جائزہ لیا۔فنگر پرنٹس ،فائر آرم اینڈبیلسٹکس، نارکوٹکس،سوالیہ دستاویزات ، بائیو لوجیکل ایگزامینیشن اور دیگر جدید فارنزک شعبہ جات کے معائنے کے دوران متعلقہ ماہرین اور افسران نے آئی جی پی کو لیبارٹری کی استعدادِ کار، جدید ٹیکنالوجی، کیس پراسیسنگ کے طریقہ کار اور جرائم کی تفتیش میں فارنزک شواہد کے موثر استعمال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی پی ذوالفقار حمید نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں جرائم کے خلاف جنگ صرف روایتی پولیسنگ سے نہیں بلکہ سائنسی طریقہ کار، ٹیکنالوجی اور ناقابلِ تردید شواہد کی بنیاد پر جیتی جاتی ہے۔ اور کہا کہ فارنزک سائنس لیبارٹری خیبر پختونخوا پولیس کے تفتیشی نظام کا اہم ستون ہے جو اصل مجرموں کو قانون کے شکنجے میں لانے اور بے گناہوں کو انصاف فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے لیے خیبر پختونخوا میں چھپنے کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ جدید فارنزک ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل شواہد اور سائنسی تحقیقات کے ذریعے مجرموں کا تعاقب کیا جائے گا اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ آئی جی پی نے مزید کہا کہ تفتیشی نظام کو عالمی معیار پر استوار کرنا خیبر پختونخوا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور لیبارٹری کی استعداد کار مزید بڑھانے، جدید آلات کی فراہمی، ماہر افرادی قوت کی تربیت اور فارنزک رپورٹس کی بروقت تکمیل کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ آئی جی پی نے کرائم سین پر موجود شواہد کو سائنسی خطوط کے مطابق محفوظ کرنے اور تجزیاتی عمل میں فارنزک ماہرین کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مضبوط فارنزک نظام ہی موثر احتساب،معیاری تفتیش اور سَستے انصاف کی بروقت فراہمی کی بنیاد ہے، اور خیبر پختونخوا پولیس اس شعبے کو مزید جدید، فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔
ایڈیشنل آئی جی پی انوسٹی گیشن محمد عالم شنواری بھی اس موقع پر آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔