شوہر اور دیور پر تشدد اور قتل کی کوشش کا الزام، خاتون کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج، تحفظ اور انصاف کی اپیل
سکھر(بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے بورڈ آفس کی رہائشی ابڑو برادری سے تعلق رکھنے والی خاتون مسمات انیلا بنت مولابخش ابڑو نے مبینہ گھریلو تشدد، سیاہ کاری کا الزام لگا کر ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی کوشش کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کے دوران خاتون نے اعلیٰ حکام سے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق احتجاج کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسمات انیلا نے الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر غلام نبی سومرو اور دیور مرتضیٰ سومرو انہیں مبینہ طور پر مسلسل تشدد کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پر سیاہ کاری کا الزام عائد کیا گیا اور انہیں قتل کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی مشکل حالات میں اپنی جان بچا کر گھر سے نکلنے میں کامیاب ہوئیں، جس کے بعد انصاف کے حصول کے لیے سکھر پریس کلب پہنچی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جان کا خطرہ لاحق ہے، اس لیے ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔مسمات انیلا نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا کہ ان کے شوہر غلام نبی سومرو اور دیور مرتضیٰ سومرو کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، انہیں گرفتار کیا جائے اور متاثرہ خاتون کو تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔